اخباری رپورٹ میں نواز شریف سے منسوب بیان غلط ہے، شہباز شریف


پاکستان مسلم لیگ نواز نے ڈان اخبار میں شائع رپورٹ میں تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

پارٹی کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ ریاست پاکستان اور تمام ادارے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ساتھ کھڑے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ رپورٹ میں نواز شریف سے چند ریمارکس غلط طور پر منسوب کیے گئے، جو پارٹی پالیسی کی نمایند گی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ پاکستان کا مفاد ذاتی اور سیاسی مفاد سے بالاتر ہے، قومی مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔

’نواز شریف کا بیان توڑ مروڑ پر پیش کیا گیا‘

اس سے قبل میرپور خاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کا خادم اعلیٰ لیکن پہلے پاکستان اور سندھ کا چاہنے والا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبے خوشحال نہیں ہوں گے تو پاکستان خوشحال نہیں ہوگا اور جب تک سندھ خوشحال نہیں ہوگا تو پاکستان بھی خوشحال نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں کو حق کے مطابق پانی مل رہا ہے لیکن سندھ کے حکمران پانی کی چوریاں خود کرتے ہیں اور الزام حکومت پاکستان پر لگا دیتے ہیں۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ سندھ کے  لیے کالاباغ ایک بار نہیں بلکہ 100 بار قربان کریں گے اور اگر سندھ کے لوگ کالاباغ ڈیم نہیں چاہتے تو ڈیم نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 10 سال سے زرداری حکومت کر رہے ہیں لیکن دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ کتنے کسانوں کو سستی کھاد ملی ہے؟ کتنے کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے گئے؟

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ ہاری بے حال اور زرداری خوشحال ہوجائے، زرداری نے سندھ کو تباہ کر دیا اور صوبے کی دولت دبئی لے گیا۔

نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایک اخبار نے نواز شریف کا انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا جس میں کہا  کہ ’نان اسٹیٹ ایکٹرز کو پاکستان سے ممبئی جانے دیا گیا جنہوں نے ممبئی میں حملہ کیا، تو بھلا کیا نواز شریف اس طرح کی بات کر سکتا ہے‘؟

انہوں نے کہا کہ ’اس ملک کے اندر جہاں پر افواج پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہوں، پاکستان نے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے جان لڑائی ہو تو کیا وہ ملک، ریاست، افواج، حکومت اور عوام کسی دہشت گرد یا غیر ریاستی عناصر کو اپنی پاک دھرتی دوسرے ملک پر دہشت گردی کے  لیے استعمال کرنے کی اجازت دے گی‘؟

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیری ہر روز جنازے اٹھا رہے ہیں اور بھائیوں ماؤں بہنوں کی عزتیں لوٹی جا رہی ہیں، بھارتی فوج مودی کے حکم پر مقبوضہ کشمیر میں ظلم کر رہی ہے جب کہ اور سمجھوتا ایکسپریس میں حاضر سروس بھارتی فوجی افسر نے مسلمانوں کو شہید کرایا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارت خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے حالات خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے، اللہ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ہے، افواج پاکستان کو اعلیٰ ترین فوج بنایا ہے، اگر ہندوستان نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو یہ فوج اور قوم ان کی آنکھ نوچ کر اپنے پاؤں تلے روندھ دے گی۔ 

مزید خبریں :