Time 14 مئی ، 2018
دنیا

غزہ: اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ، 55 شہید


غزہ: اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والےنہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس سے 55 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی پر فلسطینیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ’گریٹ مارچ آف ریٹرن‘ میں شرکت کےلیے فلسطینیوں کی بڑی تعداد غزہ میں موجود تھی جس نے اسرائیل کے قیام کی 70 سال مکمل ہونے پر احتجاج کیا۔

اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس سے 16 بچوں سمیت55 افراد شہید اور 2400 سے زائد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق زخمیوں میں 18 سال سے کم عمر کے 74 بچے، 23 خواتین اور 8 صحافی بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 30 مارچ سے شروع ہونے والی تازہ ترین فلسطینی تحریک میں اب تک 100 کے قریب فلسطینی شہید اور 10 ہزار 500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطینی صدر کا غزہ میں شہادتوں پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پورے فلسطینی علاقوں میں ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔

ترک صدر طیب اردگان نے شہادتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کامشرقی حصہ فلسطینیوں کا دارالحکومت ہے، سفارتخانے کی منتقلی کے بعد امریکا امن مذاکرات میں ثالث کی حیثیت کھوچکا ہے۔

مزید خبریں :