کراچی میں شدید گرمی، ہفتہ اور اتوار کو ’ہیٹ ویو‘ کا امکان

شہر میں سمندری ہوائیں کمزور پڑنا شروع ہوگئیں: محکمہ موسمیات_فوٹو/ فائل

کراچی: شہر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے ہفتہ اور اتوار کو ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اس دوران درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق آج شہر میں گرمی کی لہر جاری ہے اور سمندری ہوائیں کمزور پڑنا شروع ہو چکی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر میں آئندہ ایک ہفتے تک گرمی کی شدت بڑھے گی، ہفتے کے روز کراچی میں سمندری ہوائیں چلنا بند ہو جائیں گی جب کہ ہفتہ، اتوار شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

دوسری جانب آئندہ 3 روز سکھر، لاڑکانہ اور سبی میں بھی گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، راولپنڈی، اسلام آباد، مالا کنڈ ڈویژن، ہزارہ، مردان، بالائی اور وسطی پنجاب میں آج بارش کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال میں بھی آج شام بارش کا امکان ہے جہاں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے خصوصی احکامات

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہیٹ ویو کے پیش نظر سیکریٹری ہیلتھ اور کشمنر کو فون کیے اور موبائل اسپتال سروس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک سینٹر پر ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

ترجمان وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہیٹ اسٹروک سینٹرز متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :