17 مئی ، 2018
مسلم لیگ ن کے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔
جھنگ سے ن لیگ کی رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور صاحبزادہ نذیر سلطان عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔
صاحبزادہ نذیرسلطان نے 2013 کے انتخابات میں میں آزاد حیثیت سے جھنگ سے قومی اسمبلی کی نشست جیتی تھی۔
اس کے علاوہ ن لیگ کے ایم این اے غلام رسول ساہی اور سابق اسپیکر افضل ساہی نے بھی عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
افضل ساہی نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی کے تقاضے کے تحت تحریک انصاف میں شامل ہو رہا ہوں اور ن لیگ کے ساتھ مزید وابستگی نہیں رکھ سکتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی اعظم چیلہ، غلام احمد گاڈی، شیخ یعقوب، راشدہ یعقوب، اسلم بھروانہ، آصف کاٹھیا اور چوہدری شہباز نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اراکین اسمبلی چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ن لیگ میں شامل
دوسری جانب تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے بھی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفی دے کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔
مسرت احمد زیب نے آج ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔