کھیل
Time 23 مئی ، 2018

وقار یونس نے انگلینڈ میں کامیابی کیلئے اسد اور اظہر کی کارکردگی اہم قرار دیدی

پاکستان سیریز میں نیا تجربہ کرتے ہوئے ایک بیٹسمین کم کرکے اضافی بولر کھلا رہا ہے، وقار یونس—فائل فوٹو۔

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہا تجربے کی بنیاد پر انگلینڈ کی ٹیم بہت بڑی ہے تاہم اگر اظہر علی اور اسد شفیق مصباح الحق اور یونس خان کا کردار ادا کریں تو جیت کے امکانات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصباح اور یونس کے جانے کے بعد ٹیم میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، انگلش کنڈیشنز میں بیٹنگ میں مسئلہ ہو گا۔

وقار یونس نے کہا کہ اظہر علی اور اسد شفیق کو اپنی ذمہ داری لینی ہوگی، لارڈز میں تجربہ کار کھلاڑیوں پر بھی دباؤ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیریز میں نیا تجربہ کرتے ہوئے ایک بیٹسمین کم کرکے اضافی بولر کھلا رہا ہے۔

وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ رینکنگ میں انگلینڈ اور پاکستان میں اتنا زیادہ فرق نہیں ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان لارڈز ٹیسٹ بدھ سے شروع ہورہا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حسن علی اور راحت علی میں سے کسی ایک کھلاڑی کو میچ کنڈیشنز دیکھتے ہوئے کھیلنے کا موقع دیں گے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ محمد عامر مکمل فٹ اور میچ کیلئے تیار ہیں جبکہ اوپننگ بلے باز امام الحق نے خود کو ثابت کردیا ہے۔

مزید خبریں :