Time 26 مئی ، 2018
پاکستان

کراچی میں تجارتی مراکز آج سے افطار کے بعد بھی کھلے رہیں گے

— فوٹو: رپورٹر 

کراچی کے 20 سے زائد تجارتی مراکز عید کی خریداری کے لیے آج سے افطار کے بعد سحری تک بلاناغہ کھلے رہیں گی۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کا کہنا ہے کہ 10 ویں روزے سے صدر، حیدری، طارق روڈ، بہادر آباد، کلفٹن، ڈیفنس، زمزمہ، جامع کلاتھ،جوبلی، نرسری، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ، گل پلازہ، حسن اسکوائر، گلشنِ اقبال، موتن داس مارکیٹ، لانڈھی، ملیر، گلستانِ جوہر اور دیگر علاقوں کی مارکیٹوں میں افطار کے بعد رمضان المبارک کی روایتی خریداری مکمل طور پر شروع ہوجائے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹیں سحری تک بلاناغہ کھلی رہیں گی جہاں سے عوام عید کی خریداری کرسکتے ہیں۔ 

— فوٹو: رپورٹر 

ان کا کہنا ہے کہ حالات سازگار رہے تو رواں سال عید سیزن پر 60ارب روپے سے زائد خریداری متوقع ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تجارتی مراکز میں کاروباری سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری رکھنے کے لیے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مارکیٹس میں پتھاروں اور تجاوزات کی روک تھام، ڈاکوؤں، لٹیروں، چوروں اور جیب کتروں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت نگرانی کریں جب کہ ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کی سہولت کے تحت مؤثر پلاننگ کی اشد ضرورت ہے۔

مزید خبریں :