Time 30 مئی ، 2018
انٹرٹینمنٹ

نکاح پر نکاح کرنے پر عتیق الرحمان کا اداکارہ میرا کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

شادی کے بعد دو سال تک اکھٹے رہے لیکن ہمیشہ جھگڑا رہتا، عتیق الرحمان—فائل فوٹو۔

لاہور: اداکارہ میرا کے قانونی شوہر عتیق الرحمان نے نکاح پر نکاح کرنے کی سزا دلانے کے لئے میرا کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ میرا اب خود کو غیر شادی شدہ نہیں کہہ سکتیں، وہ ان کی بیوی ہیں۔

عتیق الرحمان نے کہا کہ میرا نے کیپٹن نوید سے بھی مبینہ شادی کر رکھی ہے، اب وہ انہیں نکاح پر نکاح کرنے کی سزا دلانے کے لئے عدالت سے رجوع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اداکارہ میرا میں اچھی بیوی والی کوئی خوبی نہیں، : میرا کو انڈہ ابالنا نہیں آتا، مجھے کھانا کیا کھلاتی؟

عتیق الرحمان نے کہا کہ شادی کے بعد دو سال تک اکھٹے رہے لیکن ہمیشہ جھگڑا رہتا، میرا کہتی تھی کہ پہلی بیوی کو طلاق دو۔

خیال رہے کہ پیر کے روز لاہور کی ایک فیملی کورٹ نے 9 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا۔

عدالت نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں اداکارہ میرا کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمان سے ان کے نکاح کو حقائق پر مبنی قرار دیا۔

واضح رہے کہ ادکارہ میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

اداکارہ میرا کے وکیل کا ابتدا سے مؤقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لیے میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور ان کے پاس نکاح ثابت کرنے کے لیے کوئی اصلی دستاویزات بھی موجود نہیں۔

مزید خبریں :