کھیل

اظہرعلی اوراسد شفیق انگلش کاؤنٹی چیمپین شپ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے

اظہر علی اور اسد شفیق رواں سیزن میں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے — فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو اہم بیٹسمین اسد شفیق اور اظہر علی اس سیزن میں انگلش کاؤنٹی چیمپین شپ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ دونوں کے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں۔اسد شفیق بدھ کو کراچی پہنچ جائیں گے اور ان کا معاہدہ دو دن میں طے پا جائے گا جبکہ اظہر علی نے فوری طور پر پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بولنگ کوچ اظہر محمود دونوں بیٹسمینوں کے کاؤنٹی کلب کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دلانے میں کردار ادا کررہے ہیں۔

پاکستانی ہیڈ کوچ چاہتے ہیں کہ دونوں بیٹسمینوں کو انگلش کاؤنٹی کا تجربہ مل جائے تاکہ ان کے کارکردگی میں نکھار آسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرے کاؤنٹی نے اسد شفیق کو بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی جگہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کی پیشکش کی تھی لیکن وہ اسد شفیق کو صرف تین چار میچوں کے لیے لینا چاہتی تھی البتہ سمرسیٹ کاؤنٹی اسد شفیق کے ساتھ بقیہ سیزن کے لیے معاہدہ کرنا چاہتی ہے۔

اظہر علی بھی کاؤنٹیز سے بات چیت میں مصروف ہیں۔ موجودہ سیزن میں محمد عباس لیسٹرشائر اور وہاب ریاض ڈربی شائر کے لیے کھیلیں گے۔

مکی آرتھر چاہتے ہیں کہ دونوں کرکٹرز کو کاؤنٹی کا تجربہ ملے تاکہ ان کے کھیل میں نکھا ر آئے۔ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کے سب سے تجربہ کار بیٹسمین اسد شفیق اور اظہر علی انگلینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ کی چار اننگز میں 100 رنز بھی نہ بناسکے۔

شاداب خان سیریز میں 2 نصف سنچریاں بناکر نمایاں رہے تاہم دونوں ٹیموں کی جانب سے سیریز میں کوئی سنچری نہ بناسکا۔

اسد شفیق نے91 رنز30.33 کی اوسط سے بنائے، اظہر علی نے 16 کی اوسط سے67 رنز بنائے۔

مکی آرتھر چاہتے ہیں کہ دونوں بیٹسمین ورلڈ کلاس بیٹسمین بن سکیں، اسد شفیق کو ان کی حالیہ خراب فارم کے باوجود انگلینڈ میں بڑا بیٹسمین سمجھا جاتا ہے۔

دونوں پاکستانی ٹیسٹ بیٹسمینوں کے معاہدوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

مزید خبریں :