Time 07 جون ، 2018
پاکستان

نیب کو نندی پور پاور پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم

چیف جسٹس کی سربراہی میں نندی پور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی: فوٹو/فائل

اسلام آباد: چیف جسٹس نے نیب کو نندی پور پاور پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں نندی پاور پاور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں سیکریٹری توانائی اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ ابھی تک کیوں نہیں بنا؟ پراجیکٹ کی فائل وزارت قانون میں کتناعرصہ رہی؟ پراجیکٹ میں جو فراڈ ہوا وہ دیکھنا چاہتا ہوں۔

سیکریٹری توانائی نے عدالت کو بتایا کہ 525 میگاواٹ کے لیے 2005 میں نندی پور پاور پراجیکٹ بنا، 22 بلین کا منصوبہ 58 بلین تک جا پہنچا۔

عدالت نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے متعلق جعفری رپورٹ موجود ہے، پراجیکٹ میں کرپشن کے معاملے کو دیکھیں گے۔

سپریم کورٹ نے جسٹس جعفری رپورٹ کی روشنی میں نیب کو نندی پور پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

واضح رہےکہ نندی پور پاور پراجیکٹ پنجاب میں گزشتہ دور حکومت میں تعمیر کیا گیا تھا جس کے ذریعے 525 میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے منصوبے میں کرپشن کے الزمات عائد کیے گئے تھے۔

مزید خبریں :