بلوچستان: دشت تیرہ میل میں سی ٹی ڈی کا ایکشن، خاتون سمیت چار 'دہشت گرد' ہلاک


کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے دشت تیرہ میل میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران خاتون سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جیسے ہی علاقے کو گھیرے میں لیا گیا،کمپاؤنڈ میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ اس دوران ایک دہشت گرد نے پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ دوسرا دہشت گرد جوابی فائرنگ سے مارا گیا۔

وہ مقام جہاں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا—۔فوٹو/جیو نیوز

سی ٹی ڈی کے مطابق ساتھی ملزموں کی نشاندہی کے لیے لایا گیا تیسرا دہشت گرد بھی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

دہشت گردوں سے مقابلے میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے کے مقام سے ایک 5 سالہ بچے کی لاش اور ایک خاتون کو بھی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولہ بارود—۔ جیو نیوز

ریسیکو ذرائع کے مطابق بچہ فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہوا، تاہم ابھی تک سرکاری ذرائع کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان بھی قبضے میں لے لیا، جہاں کی تلاشی کے دوران کمپاؤنڈ سے مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

حکام کے مطابق برآمد اسلحے میں سب مشین گنیں،کلاشنکوف، کئی پستول بمعہ میگزین، واکی ٹاکی سیٹ، راکٹ لانچر کے گولے، دیسی ساختہ بم، دھماکا خیز مواد، پرائما کارڈ اور دیگرسامان بھی شامل ہے۔

آئی جی بلوچستان کا آپریشن کے مقام کا دورہ

انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان محسن حسن بٹ نے بھی دشت میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے مقام کا دورہ کیا، جہاں انہیں سی ٹی ڈی حکام نے آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔

آئی جی نے اس موقع پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کو سراہا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کی بریفنگ

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دشت کے علاقے میں کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں دہشت گردوں کی ساتھی خاتون بھی شامل ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق آپریشن کےدوران بھٹہ پرکام کرنے والے مزدوروں کا ایک بچہ بھی جاں بحق ہوا اور قریبی کام کرنے والے مزدوروں میں سے ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔

عبدالرزاق چیمہ نےبتایا کہ دشت میں دہشت گردوں کےخلاف کارروائی میں 6 اہلکارزخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھاکہ کارروائی کےدوران ہلاک ایک دہشت گرد کی شناخت عاصم محمد کےنام سےہوئی۔

مزید خبریں :