پاکستان
Time 01 جولائی ، 2018

لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ، مظاہرین کی پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی


بلاول بھٹو کا کراچی میں پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری میں انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگیا۔

پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کا قافلہ روک لیا، مظاہرین نے بلاول کے قافلے پر پتھراؤ کیے جس سے ایک گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، خواتین بھی چھتوں پر چڑھ کر خالی مٹکے بجاتی رہیں۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے حلقہ انتخاب این اے 246 لیاری پہنچے اور ریلی کی صورت میں انتخابی مہم کا آغاز کیا۔

تاہم جیسے ہی بلاول بھٹو کی ریلی لیاری کے علاقے بہار کالونی پہنچی تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے قافلے کو روک لیا۔

مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے— فوٹو: اسکرین گریب

مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔

علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد خالی مٹکے اٹھا کر گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے جس کے باعث بلاول بھٹو کے قافلے کی پیش قدمی رک گئی تاہم اس سارے معاملے میں پولیس مظاہرین کے سامنے بے بس نظر آئی۔

لیاری میں پیپلز پارٹی کے مرکزی انتخابی سیل کے انچارج یوسف بلوچ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ پیپلز پارٹی کے لوگ نہیں بلکہ چند شر پسند عناصر ہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے مخالفین کا ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں پیپلز پارٹی کے جانثار بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن ہمارے پارٹی چیئرمین نہیں چاہتے کہ صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑیں کیونکہ لیاری تو ہمارا ہی علاقہ ہے۔

احتجاج کی ذمہ دار نگران حکومت ہے، مولا بخش چانڈیو

پیپلزپارٹی نے لیاری میں بلاول کے قافلے پر پتھراؤ اور پانی کے لیے احتجاج کا ذمے دار نگران حکومت کو قرار دے دیا۔

رہنما پیپلز پارٹی مولا بخش چانڈیو کہتے ہیں کہ نگران حکومت نے بلاول کے دورے کے لیے انتظامات کیوں نہیں کیے؟

پی پی رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ چند شرپسندوں نے بلاول کے قافلے کا راستہ روکا۔

پانی کیلئے سمندر کا پانی میٹھا کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے، بلاول

لیاری میں پانی کے لیے احتجاج اور پتھراؤ کا سامنا کرنے کے بعد بلاول چاکیواڑہ پہنچے جہاں انہوں نے لوگوں سے خطاب کیا۔

بلاول نے کہا کہ اگر لیاری کو پانی دینے کے لیے سمندر کا پانی میٹھا کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ میں آپ کے مسائل حل کر سکتا ہوں، یہ میرا پہلا اور کئی لوگوں کا آخری الیکشن ہے۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر انتخاب لڑیں گے جس میں آبائی حلقہ لاڑکانہ سمیت لیاری اور مالاکنڈ کا حلقہ شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی کے قافلے پر پتھراؤ کی مذمت کرتے ہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملتان میں بلاول بھٹو زرداری کی ریلی پر پتھراؤ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم لیاری میں پیپلز پارٹی کے قافلے پر پتھراؤ کی مذمت کرتے ہیں، نگران حکومت سندھ کو واقعے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لیاری میں ’گو زرداری گو‘ کے نعرے المیے سے کم نہیں ہیں۔

دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکر کا کہنا ہے کہ لیاری میں پیپلز پارٹی کی ریلی پر امن تھی۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کی سیاست کرنے والی جماعتیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، ہم نے تشدد کا جواب سیاسی طریقے سے دیا۔

مصطفیٰ نواز کھوکر نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا نوٹس لے۔

مزید خبریں :