کھیل
Time 01 جولائی ، 2018

کیپر کا شاندار کھیل، روس نے اسپین کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دیدی

روسی گول اور کپتان آئگور اکنفیو اسپین کے کھلاڑی کوکے کی پنالٹی روک رہے ہیں—رائٹرز۔

ماسکو: روسی گول کیپر اور کپتان آئگور اکنفیو کے شاندار کھیل کے باعث روس نے ناک آؤٹ مرحلے میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر اسپین کو شکست دے کر کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی۔

ماسکو کے لزنکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پہلا گول اون گول کی صورت میں ہوا جب روسی ڈیفینڈر سرگی اگناشیوک نے بال کو غلطی سے اپنے ہی جال میں پہنچادیا۔

41ویں منٹ میں روس کے ارٹم ڈیوبا نے گول اسکور کرکے اسپین کی سبقت کو ختم کردیا۔

دوسرے ہاف میں مجموعی طور پر اسپین کا پلڑا بھاری رہا تاہم وہ اسکور کرنے میں ناکام رہے جبکہ روسی گول کیپر نے اسپین کے کئی خطرناک حملوں کو ناکام بنایا۔

90 منٹ کے اختتام کے بعد میچ ایکسٹرا ٹائم میں گیا تاہم وہاں بھی فیصلہ نہ ہوسکا اور پھر پنالٹی شوٹ آؤٹ کی باری آئی۔

ابتدائی دو پنالٹیوں پر دونوں ٹیموں نے باآسانی گول اسکور کردیے تاہم اسپین کی تیسری پنالٹی روسی کیپر نے شاندار انداز میں روک کر سابق ورلڈ چیمپئن کو دباؤ میں ڈال دیا۔

روسی کیپر آخری پینالٹی روکنے میں بھی کامیاب رہے اور اس طرح میزبان ٹیم نے خود سے بڑی ٹیم اسپین کو ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔

مزید خبریں :