Time 01 جولائی ، 2018
کھیل

فیفا ورلڈ کپ: رونالڈو کی پرتگال کو شکست، یوروگوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

یوروگوئے کی جانب سے کاوانی نے دو گول کرکے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچایا— فوٹو: فیفا

روس میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے دوسرے ناک آؤٹ میچ میں یوروگوئے نے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

شائقین فٹبال کے لیے پرتگال کی شکست انتہائی حیران کن ہے کیوں کہ پرتگال ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک تھی جبکہ اس سے قبل ہونے والے پہلے ناک آؤٹ میچ میں فرانس نے لائنل میسی کی ارجنٹائن کو 3-4 سے شکست دے کر باہر کردیا تھا۔

فٹبال ورلڈ کپ میں اب دنیائے فٹبال کے دو عظیم کھلاڑی رونالڈو اور میسی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیوں کہ ان کی ٹیمیں باہر ہوچکی ہیں۔

سوچی میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں یوروگوئے نے شروع ہی سے پرتگال پر دباؤ بنائے رکھا اور کھیل کے 7 ویں ہی منٹ میں یوروگوئے کے کاوانی گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر یوروگوئے کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں پرتگال کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 55 ویں منٹ میں پے پے نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

تاہم پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 62 ویں منٹ میں کاوانی نے ایک بار پھر شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 1-2 کردی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی اور یوروگوئے نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

کوارٹر فائنل میں یوروگوئے کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔

مزید خبریں :