27 جولائی ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو ہر قسم کے تشدد اور استحصال سے بچانے کے اقدامات کے سلسلے میں عدالتوں میں ججز تعینات کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات ایوان صدر اسلام آباد میں خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے کی دستخطی مہم کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دورن کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے اپنے دستخط کے ذریعے 10 لاکھ افراد کی طرف سے دستخط کرنے کی مہم کا اختتام بھی کیا۔ صدر زرداری نے خطاب میں کہا کہ معاشرے کے ہر حصے میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کی جڑیں مضبوط ہیں اور یہ صرف پاکستان نہیں بلکہ اس خطے کے ممالک کا بھی مسئلہ ہے، اس مسئلے کے حل کیلئے مردوں میں خواتین کیلئے رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ تشدد خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کی بدترین مثال ہے، جمہوی حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور با اختیار بنانے کیلئے ہراساں کرنے اور گھریلو تشدد سے بچانے سمیت ان کیلئے متعدد قانون سازی کی ہے تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔