Time 07 جولائی ، 2018
کھیل

آسٹرلیا کیخلاف فائنل میں نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان ڈیبیو کریں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم میں اوپنرز کا مسئلہ اب تک حل نہیں ہوسکا، حفیظ اور حارث سہیل کی ناکامی کے بعد اب صاحبزادہ فرحان کو موقع دیا گیا ہے— فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سابق کپتان اور تجربہ کار اوپنرمحمد حفیظ پراعتماد نہیں کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ زمبابوے میں جاری سہ فریقی سیریز کے ابتدائی دو میچز کھلانے کے بعد مکی آرتھر نے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو اوپنر کے طور پر کھلایا۔

تاہم حارث سہیل کی ناکامی کے بعد اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے سیریز کے فائنل میچ میں نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان کو کھلایا جائے گا۔

چار سدہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ اوپنر فائنل میں اپنے انٹر نیشنل کیریئر کا آغاز کریں گے۔ صاحبزادہ فرحان نے پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچوں میں 91 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں اوپنرز کی ایک اور نئی جوڑی کھلانے کا تجربہ کررہی ہے۔ دو میچز میں ناکام رہنے کے بعد حارث سہیل کو ڈراپ کیا جائے گا اور صاحبزادہ فرحان، فخر زمان کے ساتھ خلاف فائنل میں اننگز کا آغاز کریں گے۔

آؤٹ آف فارم محمد حفیظ ٹیم انتظامیہ کے پلان میں شامل نہیں ہیں۔ ہرارے میں تین قومی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچز محمد حفیظ اور بقیہ دو میچز میں مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل اوپنر کی حیثیت سے کھیلے تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان اننگز اوپن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہرارے کے سرد موسم کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے 12 کھلاڑیوں میں فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے اور میچ سے قبل 11 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ عثمان شنواری کی جگہ حسن علی لیں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ موسم ہماری کارکردگی پر اثر انداز نہیں ہوگا لیکن ہمارے لیے یہاں کی سردی بہت زیادہ ہے، موسم مختلف ہے اس لئے ٹاس سے پہلے ٹیم کو حتمی شکل دیں گے۔

محمد حفیظ نے پہلے میچ میں 7 اور دوسرے میچ میں وہ کوئی رن نہیں بناسکے تھے، انہیں کو ڈراپ کرکے حارث سہیل کو اوپنر کے طور پر آزمایا گیا۔

حارث سہیل نے نے پہلے میچ میں 16 اور دوسرے میں کوئی رن نہیں بنایا۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے فائنل میچ کیلئے پاکستان کے 12 کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، شعیب ملک، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، عثمان شنواری، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے پاس کئی خطرناک کھلاڑی ہیں لیکن ہم بڑے میچ میں ٹھوس پلان کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے بولرز اور بیٹسمینوں کے لیے اچھی حکمت عملی بنا رکھی ہے۔

2016 میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے اب تک آسٹریلیا نے 17 میں سے12 میچ جیتے ہیں۔ اس سے قبل دو سالوں میں آسٹریلیا نے 10 میچ کھیلے تھے اوراسے چھ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

فنچ کا کہنا ہے کہ ہرارے کے تین قومی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے خلاف 68 اور زمبابوے کے خلاف ریکارڈ ساز 172 رنز بنائے لیکن پاکستان کے خلاف دوسرے میچ میں انہیں 16 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کردیا۔ زمبابوے کے خلاف آخری میچ میں وہ 3 رنز بناسکے۔

فائنل کے بارے میں فنچ کا کہنا ہے کہ اس وقت میری فارم لگی ہوئی ہے اور میں اچھے انداز میں گیند کو ہٹ کررہا ہوں، مجھے امید ہے کہ فائنل میں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا۔

ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ٹی ٹوئنٹی کے کئی خطرناک کھلاڑی موجود ہیں، اس وقت فخر زمان بہت اچھی فارم میں ہیں، ان کے کھیل کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ وہ مستقل مزاجی سے اس فارمیٹ میں کارکردگی دکھار ہے ہیں۔

مزید خبریں :