Time 18 جولائی ، 2018
پاکستان

آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا


اسلام آباد: وزارت داخلہ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل دے نکال دیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے نجی بینک سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا تھا اور اس حوالے سے انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب بھی کیا گیا تھا تاہم دونوں شخصیات کے وکلاء ایف آئی اےمیں پیش ہوئے۔

گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا تھا تاہم ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی تھی جس کے بعد عدالت نےایف آئی اے کو الیکشن تک دونوں شخصیات کو نہ بلانے کی ہدایت کی جب کہ ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہا۔

جیونیوز کےمطابق وزارت داخلہ نے بے نامی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سےنکال دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکریٹری داخلہ کے حکم پر چند روز قبل سمری تیار ہوئی تھی جس کی روشنی میں آج دونوں شخصیات کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کے ریمارکس کی روشنی میں دونوں شخصیات کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :