Time 26 جولائی ، 2018
پاکستان

عمران خان نےاین اے 131 کا الیکشن 50 کروڑ روپے میں خریدا، سعد رفیق کاالزام

اگر رتی برابر شرم ہو تو چُلو بھر پانی میں ڈوب مرو، سعد رفیق— فوٹو: فائل 

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے این اے 131 کا الیکشن 50 کروڑ میں خریدا۔

لاہور کے حلقے این اے 131 میں خواجہ سعد رفیق کا مقابلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تھا لیکن وہ اس معرکے میں ناکام رہے۔

لیگی رہنما نے شکست کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ این اے 131 میں مسلم لیگ (ن) کی شکست ’شکستِ فاتحانہ‘ ہے کیوں کہ مسلسل 4 برس میڈیا ٹرائل، سازشوں، کھینچا تانی، عدالتی کارروائیوں اور دباؤ کا سامنا کیا۔


ان کا کہنا تھا کہ میرا سابقہ حلقہ 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا اور این اے 131 لاڈلے کے لیے تیار کیا گیا جب کہ پولنگ کے 22 گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔

سعد رفیق کا کہنا ہے کہ 40 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ایجنٹس کو نتائج دینے میں غیر معمولی تاخیر اور انکار کیا گیا جب کہ فوت شدہ لوگوں کے ووٹ بھی ڈالے گئے۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے این اے 131 کا الیکشن 50 کروڑ روپے میں خریدا، اندھا دھند پیسہ لُٹایا گیا اور ووٹ کی خرید و فروخت کی گئی۔

ایک اور ٹوئٹ میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہر گندا کام کرکے آپ صرف 680 ووٹوں کی اکثریت حاصل کر پائے، اگر رتی برابر شرم ہو تو چُلو بھر پانی میں ڈوب مرو۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سعد رفیق کو معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

عمران خان نے 84313 ووٹ لیے جب کہ سعد رفیق نے 83633 ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔

مزید خبریں :