Time 03 اگست ، 2018
پاکستان

تعلیم دشمن عناصر کے چلاس میں 12 تعلیمی اداروں پر حملے، املاک کو آگ لگادی


چلاس: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے ٹاون چلاس میں تعلیم دشمن عناصر نے تعلیمی اداروں پر حملہ کر کے املاک کو آگ لگا دی۔

چلاس میں رات گئے نامعلوم افراد نے تعلیمی اداروں میں توڑ پھوڑ کی جس کے بعد املاک کو آگ لگانے کے بعد فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تعلیم دشمن عناصر کی جانب سے 12 تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا گیا جب کہ دو تعلیمی اداروں میں بارودی مواد کے دھماکے بھی کئے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے زیر تعمیر اسکولوں کو آگ لگا کر نقصان پہنچانے کی کوشش کی تاہم پولیس اور انتظامیہ کی کارروائی پر شرپسند عناصر فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور تعلیمی ماہرین کا اجلاس طلب کرلیا گیا، ضلع میں تعلیمی ماحول کو محفوظ اور ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب تعلیم دشمن عناصر کی کارروائی کے خلاف دیامر کے صدیق اکبر چوک پر شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسے بچوں کے روشن مستقبل پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات افسوسناک اور ناقابل قبول ہیں۔

مزید خبریں :