Time 06 اگست ، 2018
کھیل

پی سی بی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا، حفیظ کی بی کیٹیگری میں تنزلی


پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی ہو گئی ہے۔

پی سی بی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور سینئر کھلاڑیوں کی مشاورت نے کھلاڑیوں کے لیے نیا سینٹرل کنٹریکٹ تیار کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی فیس میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو  اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ اے اور بی کیٹیگری میں 6، 6 کھلاڑی شامل ہیں جب کہ سی کیٹیگری میں 9، ڈی میں 5 اور ای کیٹیگری میں 7 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے کپتان اے کیٹیگری میں کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، اظہر علی، محمد عامر ، یاسر شاہ اور بابر اعظم شامل ہیں۔

بی کیٹیگری میں فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان اور محمد حفیظ کو رکھا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں عماد وسیم، محمد عباس، وہاب ریاض، جنید خان، حارث سہیل، امام الحق، محمد نواز، عثمان خان شنواری اور شان مسعود شامل ہیں۔

جن کھلاڑیوں کو ڈی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے ان میں رومان رئیس، آصف علی، راحت علی، عثمان صلاح الدین اور حسین طلعت شامل ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے بلال آصف، سعد علی، محمد رضوان، شاہیں شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عمید آصف اور میرحمزہ کو ای کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔



مزید خبریں :