Time 07 اگست ، 2018
پاکستان

’عمران خان نے گزشتہ روز ملنے والا پروٹوکول واپس کردیا‘


اسلام آباد: ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز ملنے والا پروٹوکول واپس کر دیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی نقل و حرکت کے دوران روٹ نہ لگانے کی ہدایت کی ہے اور  انہوں نے گزشتہ روز ملنے والا پروٹوکول بھی واپس کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف 2 گاڑیوں کے قافلے میں پشاور روانہ ہوئے ہیں اور انہوں نے پشاور پہنچ کر بھی کوئی پروٹوکول نہیں لیا۔

ان کا کہنا تھا عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ قافلے میں پروٹوکول کی گاڑیاں نہ جائیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی علی حیدر زیدی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے ساتھ گاڑی میں سوار ہیں اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک  گاڑی چلا رہے ہیں۔

اس دوران گاڑی میں علی زیدی اور پرویز خٹک کے درمیان مکالمہ بھی ہوا ہے جس میں علی زیدی کہتے ہیں کہ جب وہ پشاور آئے تھے تو ان کے ساتھ گاڑی میں سفر کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے وزیر اعلی ہوتے ہوئے سگنل پر گاڑی روک دی تھی اور ساتھ ہی رکشہ آکر رکا تھا، ایسا ہم کراچی میں نہیں سوچ سکتے۔

اس پر پرویز خٹک لاہور کا بھی نام لیتے ہیں جس پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ لاہور میں تو شریف خاندان کے بچوں کو بھی پروٹوکول ملتا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کیس میں نیب پشاور پہنچے جس کے بعد انہوں نے تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔

مزید خبریں :