عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد کر دیا


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا امیدوار نامزد کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سوات سے صوبائی اسمبلی کا انتخاب جیتنے والے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

محمود خان کا تعلق سوات سے ہے اور وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 9 سے انتخاب جیتے ہیں۔ 

محمود خان سابق دور حکومت میں صوبائی وزیر کھیل و آبپاشی کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ محمود خان تحصیل مٹہ کے ناظم بھی رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے پرویز خٹک، اسد قیصر اور عاطف خان کے نام لیے جا رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان عاطف خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بنانا چاہتے تھے لیکن پرویز خٹک کی سخت مخالفت کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو سکا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پرویز خٹک نے ہی محمود خان کا نام وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے تجویز کیا تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔

نامزد وزیراعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ عمران خان کا سپاہی ہوں، ان کے وژن کے تکمیل کے لیے رات دن کام کروں گا اور پارٹی کے منشور پر من و عن عمل کروں گا۔

محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا اس کی پاسداری کروں گا اور صوبے کے عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ تحریک انصاف صوبے میں ماضی سے بھی مزید بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

مزید خبریں :