Time 12 اگست ، 2018
کھیل

بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں ایک اور عبرتناک شکست


لندن: انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو یک طرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 159 رنز سے شکست دے کر پانچ میچ کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے میچ پر غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی بھی بھارتی بلے باز اپنی دونوں اننگز میں نصف سنچری تک اسکور نہ کرپایا جبکہ کپتان ویرات کوہلی بھی اپنا جادو نہ دکھا پائے۔

بارش سے متاثرہ اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا فیصلہ ان کے بولرز نے درست ثابت کرتے ہوئے دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ تصور کی جانے والی بھارتی ٹیم کو صرف 107 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

بھارت کا کوئی بھی بلے باز ففٹی اسکور نہ کر سکا۔ اشون 29 اور کوہلی 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی لارڈز ٹیسٹ میں صرف 23 اور 17 رنز بناسکے—رائٹرز۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس ووکس دو اور اسٹیورٹ براڈ اور سام کرن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ابتدائی طور پر انگلش کھلاڑیوں کو اگرچہ مشکلات سامنا رہا اور ایک موقع پر اس کی پانچ وکٹیں 131 رنز پر گرگئی تھیں لیکن کرس ووکس اور جونی بیئرسٹو کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 396 بناکر اپنی اننگز ڈکلیئر کر دی۔ 

کرس ووکس اور جونی بیئرسٹو نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 189 رنز کی شراکت قائم کی۔

کرس ووکس نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 137 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ جونی بیئرسٹو نے 93 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی اور ہاردک پانڈیا نے تین، تین جبکہ ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں انگلینڈ کے 289 رنز کی سبقت کے پہاڑ کو برداشت نہ کر سکی اور تمام کھلاڑی 130 رنز بنا آؤٹ ہو گئے۔

دوسری اننگز میں بھارت کا کوئی کھلاڑی ففٹی اسکور کرنے میں ناکام رہا، اشون 33 جب کہ پانڈیا 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ نے چار، چار جبکہ کرکس ووکس نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاندار کارکردگی پر کرس ووکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :