کھیل

پی سی بی کا کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ پُرفضا مقام پر لگانے کا فیصلہ

پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ 28 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو سخت آزمائش سے گزارنے کے لیے ایشیا کپ کے لیے کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ کسی پُرفضا پہاڑی مقام پر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا خیال ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مصروف ترین شیڈول سے قبل کسی پہاڑی مقام پر کھلاڑیوں کو چار سے پانچ دن سخت اور مشکل ٹریننگ کرائی جائے۔

دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کھلاڑیوں کو سخت آزمائش سے گزار کر ان کا فٹنس ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔

ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ 28 اگست سے شروع ہو رہا ہے جب کہ ایشیا کپ 15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ پہاڑی مقام پر لگانے کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے۔

ماضی میں تر بیتی کیمپ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں لگایا جاتا تھا جہاں پاکستان آرمی کے انسٹرکٹر کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کرتے تھے لیکن اب پہاڑی مقام پر کیمپ لگا کر کھلاڑیوں کو پہاڑی علاقوں میں سخت راستوں پر چڑھنے اور اترنے کی مشقیں کرائی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے بعد پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلنا ہے جس کے بعد ورلڈ کپ قریب آجائے گا۔

مکی آرتھر کا خیال ہے کہ مسلسل کرکٹ کے دوران وہی کھلاڑی ٹیم میں جگہ برقرار رکھ سکیں گے جو سپر فٹ ہوں اور ایشیا کپ سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی بے حد اہم ہوں گے۔

مزید خبریں :