Time 15 اگست ، 2018
پاکستان

عمران علی شاہ اور شہری میں جھگڑے کا باعث بننے والا شخص سامنے آ گیا

تحریک انصاف کے نو منتخب ایم پی اے نے گزشتہ روز ایک شہری کی پٹائی لگائی تھی۔ فوٹو: اسکرین گریب

کراچی میں اسٹیڈیم روڈ پر پی ٹی آئی رکن اسمبلی عمران علی شاہ اور شہری کے درمیان جھگڑے کا باعث بننے والے شخص سامنے آ گیا۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کے تشدد کا نشانہ بننے والے شہری داؤد چوہان کا کہنا تھا کہ کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا تھا، شہری ریحان احمد کی گاڑی سے میری گاڑی صرف ٹچ ہوئی تھی۔

داؤد چوہان کا کہنا تھا کہ عمران شاہ یا ریحان احمد کو گالیاں نہیں دیں، واقعے کی جگہ چاروں طرف کیمرے لگے ہیں، حقیقت معلوم ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری گاڑی میں چار چھوٹے بچے موجود تھے، جھگڑا کیسے کر سکتا تھا، ریحان سے بات ہوئی تھی پھر وہ چلا گیا تھا۔

داؤد چوہان نے کہا کہ تشدد کی فوٹیج میں ریحان اور اس کی گاڑی بھی نظر نہیں آ رہی۔

دوسری جانب جھگڑے کا باعث بننے والے شہری ریحان احمد کا مؤقف ہے کہ داؤد چوہان نے میری گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماری، میں نے گاڑی سے اتر کر دیکھا تو میری گاڑی پر ڈینٹ پڑا تھا۔

ریحان احمد کا کہنا تھا کہ داؤد چوہان کو گاڑی پیچھے کرنے کا کہا، داؤد چوہان نے گاڑی سے اتر کو مجھے گالیاں دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران علی شاہ نے داؤد چوہان کو سمجھایا اور معافی مانگے کا کہا لیکن داؤد چوہان نے عمران علی شاہ کو بھی گالیاں دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گالیاں دینے پر عمران علی شاہ نے داؤد چوہان کو مارا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی عمران علی شاہ نے اسٹیڈیم روڈ کے قریب ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف نے نو منتخب رکن اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر وضاحت طلب کی تھی۔

آج عمران علی شاہ تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ داؤد چوہان کے گھر پہنچے اور گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر معذرت بھی کی۔

مزید خبریں :