20 اگست ، 2018
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں محمد حفیظ کی ٹیم میں سیلیکشن کو ان کے رویے سے مشروط کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں پانچ صفر سے شکست دینےوالی پاکستانی کرکٹ ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
اگر عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس کر گئے تو انہیں ایک اور آل راونڈر محمد نواز کی جگہ پاکستان ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم 28اگست سے چار دن کے لیے ایبٹ آباد جائے گی جہاں پہاڑی علاقے میں فٹنس کی بہتری کے لیے کیمپ لگایا جائے گا۔
تین ستمبر سے لاہور میں دس روزہ باضابطہ فٹنس کیمپ لگایا جائے گا اور کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی 16 رکنی ٹیم تھی جس میں سے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو ایشیا کپ کی ٹیم سے ڈراپ کردیا جائے گا جبکہ عماد وسیم کو شامل کرکے 15 کھلاڑیوں کو ایشیا کپ کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
عماد وسیم کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا اگر وہ فٹ قرار دے دیئے گئے تو انہیں محمد نواز کی جگہ شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر رومان رئیس کی انجری شدید نوعیت کی ہےانہیں ابھی تک پاکستان ٹیم میں آنے میں وقت درکار ہے۔البتہ سب سے بڑا مسئلہ محمد حفیظ کا رویہ ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق حفیظ کے ساتھ میٹنگ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ میڈیا کو خبریں دینے کے بجائے کھیل پر توجہ مرکوز کریں۔پی سی بی بھی ان کے رویے سے دلبرداشتہ ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کو کہا جائے گا وہ ٹیم کا حصہ ہیں اور سوشل میڈیا اور میڈیا میں جاکر سلیکشن کمیٹی اور بورڈ کو متنازع بنانے سے گریز کریں۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کی اے کیٹگری سے بی کیٹگری میں تنزلی کردی گئی تھی جس پر انہیں شدید تحفظات تھے۔
جواب میں محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہمیشہ عزت اور جذبے کے ساتھ پاکستان کے لیے کھیلا ہوں، کبھی پیسے کے لیے نہیں کھیلا، عزت کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہوں، ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں چاہے سی کیٹیگری میں ہوں یا ڈی میں۔