کھیل

پی سی بی کی امپائرز کو انگریزی زبان کی کلاسز لینے کی ہدایت

امپائروں کو پی سی بی نے مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹیوٹر رکھیں اور انگلش کی با قاعدگی سے کلاسسز لیں، انگریزی زبان کے ساتھ کمپیوٹر کے استعمال میں بھی مہارت حاصل کریں— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے امپائرز کو بین الاقوامی سطح پر اپنا نام منوانے کے لیے انہیں انگریزی زبان کی کلاسز لینے کی ہدایت کی ہے جبکہ امپائروں کے لیے کمپیوٹر سے واقفیت کو بھی لازمی قرار دیا جارہا ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں امپائروں کو آن لائن رپورٹنگ کرنا ہوتی ہے۔ اگلے چند سال میں پاکستان کرکٹ بورڈ بھی امپائروں کے آن لائن رپورٹنگ کو متعارف کرارہا ہے اور امپائرز کے لیے انگریزی زبان پرعبور کو لازمی قرار دیا جارہا ہے۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس سیزن میں پی سی بی ایلیٹ پینل کے امپائروں کی پوسٹنگ کی گئی ہے جبکہ کچھ سابق کرکٹرز کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ امپائر کی جانب آئیں کیوں کہ کرکٹرز فیلڈ میں سابق کرکٹرز کی زیادہ عزت کرتے ہیں۔

قومی سیزن سے قبل کئی امپائروں کے انٹرویو کرکے انہیں بتایا گیا کہ وہ کس طرح انٹرنیشنل پینل میں آسکتے ہیں۔

امپائروں کو پی سی بی نے مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹیوٹر رکھیں اور انگلش کی با قاعدگی سے کلاسسز لیں۔ انگریزی زبان کے ساتھ کمپیوٹر کے استعمال میں بھی مہارت حاصل کریں کیوں کہ مستقبل میں وہی امپائر آگے جاسکیں گے جنہیں انگریزی زبان پر عبور اور کمپیوٹر کے استعمال میں مہارت ہوگی۔

مزید خبریں :