12 ستمبر ، 2018
راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسیز میں شمار ہوتی ہے جو ہماری پہلی دفاعی لائن ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے یاد گار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ حکومت اور عوام مسلح افواج اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام ان اداروں کی بے مثال کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دورے کے دوران وزیراعظم کو اسٹریٹیجک انٹیلی جنس اور نیشنل سیکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے قومی سلامتی اور دہشت گردی کیخلاف جاری کوششوں پر آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا۔