12 ستمبر ، 2018
پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں بورڈ کی نئی انتظامیہ نے نائب کپتان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ورلڈ کپ تک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان کے لئے شعیب ملک کا نام سامنے آرہا ہے۔
شعیب ملک 2009 میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد کپتانی سے مستعفی ہوگئے تھے، اس وقت وہ پاکستان ٹیم میں سیاست کے بجائے مکمل طور پر کرکٹ پر فوکس ہیں۔
ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے بعد اس تجویز پر عملی جامع پہنانے کے لئے چیئرمین احسان مانی کو قائل کیا جائے گا۔نائب کپتان کا تقرر خالصتاً چیئرمین کا استحقاق ہے۔
ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں قومی کیمپ کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ تک نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنا ہے، اس دوران اگر کسی موقع پر سرفراز احمد ان فٹ ہوجاتے ہیں تو ٹیم کے پاس نائب کپتان ہونا چاہیے جو ان کی عدم موجودگی میں قیادت کی باگ دوڑ سنبھالے۔
ذرائع کے مطابق اس تجویز سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے تاہم اس بارے میں سوچ وبچار کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق مستقل بنیادوں پر نائب کپتان لانے کے حق میں ہیں حالانکہ پاکستان کرکٹ کی روایت رہی ہے کہ کپتان کے ساتھ بہت کم کھلاڑیوں کو نائب کپتان مقرر کیا جاتا ہے۔
مصباح الحق کے ساتھ طویل عرصے تک کوئی نائب کپتان نہیں تھا۔اس بارے میں احسان مانی کی رائے اور رولنگ اہم ہوگی۔
شعیب ملک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے ان کو سرفراز احمد کے ساتھ نائب کپتان بناکرمستقل کپتان پر دباؤ بڑ ھ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نائب کپتان کے بغیر کئی سالوں سے کپتانی کررہے ہیں، اس موقع پر نائب کپتان کی تقرری سرفراز احمد کی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔