14 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت پانی کی قلت سے دوچار ہے تاہم مستقبل میں یہ مسئلہ مزید شدت اختیار کرجائے گا۔
پانی کی کمی سے متعلق اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کاتعلق گلوبل وارمنگ سے بھی ہے تاہم جس طرح پاکستان میں پانی کا استعمال کی جاتا ہے وہ طریقہ درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذرعی شعبے میں جدید طریقوں سے پانی کا استعمال کی جائے تو پانی بچ سکتا ہے جبکہ انہوں نے شہروں میں رہنے والے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں۔
انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ ڈیم فنڈز کے قیام کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس فنڈ میں پیسے جمع کروانے پر توجہ دیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ زندہ قومیں اس طرح کے کام اپنی ذمہ داری سمجھ کر کرتی ہیں، حکومت ساتھ ضرور دے گی لیکن عوام اس کام کو پائے تکمیل تک پہنچا سکتی ہے۔