30 جولائی ، 2012
پشاور…پشاور میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے رکاوٹیں رکھ کر اور ٹائرز جلا کر جمرود روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے خبردار کیا اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو نیٹو سپلائی لائن کو بند کردیا جائے گا۔ پشاور میں حیات آباد کے علاقے فیز 3 اور فیز 2 کے رہائشیوں نے جمرود روڈ پر فیز 3 چوک کے قریب نکل کر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے جمرود روڈ کوٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت اور پیسکو حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے 4 گھنٹے تک جمرود روڈ کو بند کئے رکھا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حیات آباد میں رہتے ہوئے بھی انھیں ایسے گرڈ اسٹیشن سے بجلی دی گئی ہیں جہاں کے عوام بل ادا نہیں کرتے جس کے باعث ان کو بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی پرمظاہرین تو منتشر ہو گئے لیکن حکومت کو خبردار کیا کہ اگر مسئلہ 5 دن میں حل نہ ہوا تو وہ نیٹو سپلائی لائن کو بند کردیں گے۔