17 ستمبر ، 2018
بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے میچز ابوظبی میں نہ کھیلنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت اپنی من مانیوں پر اتر آیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابوظبی میں نہ کھیلنےکے لیے ایشین کرکٹ کونسل کی انتظامیہ پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی اہم میچ 19 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جانا ہے اور دونوں ٹیموں میں سے جو بھی ٹیم ہارے گی اسے ابوظبی میں 2 میچز کھیلنے ہوں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گرمی اور سفر کی وجہ سے بھارت تمام میچز دبئی میں کھیلنا چاہتا ہے اور بی سی سی آئی نے اس حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ بھی کر دیا ہے۔