پاکستان
30 جولائی ، 2012

حالات کے پیش نظر سنی تحریک نے چندہ جمع کرنے پر پابندی لگادی

کراچی…سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ہر سال ہزاروں ضرورت مند افراد کو ماہ رمضان میں راشن اور عید کے سامان کی تقسیم کی جاتی ہے، اس سال حالات کے پیش نظر سنی تحریک نے شہر بھر میں چندہ جمع کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے یہ بات مرکز اہل سنت پر مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی میں آئے روز کے خون خرابے ، بے گناہ انسانوں کی ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری، پرچی مافیا اور تاجروں اور عوام کو تاوان کیلئے اغواء کرنا بھی معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے جن علاقوں میں بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کے گروہ موٹر سا ئیکلوں پر مارکیٹوں اور علاقوں میں گشت کررہے ہیں ان سب کا علم امن وامان کی بحالی کے اداروں کو بخوبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے فلاحی ادارے اہل سنت خدمت فاؤنڈیشن کے تحت ہر سال ہزاروں ضرورت مند افراد کو ماہ رمضان میں راشن اور عید کے سامان کی تقسیم کی جاتی ہے اور اس کے لیے مخیر حضرات سے چندہ جمع کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس سال شہر کے حالات کے پیش نظر PST نے شہر بھر میں چندہ جمع کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔

مزید خبریں :