Time 19 ستمبر ، 2018
پاکستان

آرمی چیف کی چینی صدر سے ملاقات ،علاقائی سلامتی اور چیلنجز پر گفتگو


بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا آزمایا ہوا آہنی دوست ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور چینی صدر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور چیلنجز پر بات کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے چینی صدر سے ملاقات خصوصی دعوت پر کی۔

اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا آزمایا ہوا ہے آہنی دوست ہے اور پاک فوج کا اس پائیدار تعلق کے لیے اہم کردار ہے۔

آصف غفور نے کہا کہ چینی صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کوسراہا اور پاکستان کی مسلح افواج کے علاقائی امن و استحکام میں کردار کو تسلیم کیا۔

چینی صدر نے کہا کہ چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹویا سی پیک کی مخالفت کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔

پیر کو آرمی چیف نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی ( پی ایل اے) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی چینی فوج کے سربراہ سے ملاقات ہوئی تھی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چینی فوج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات کی جس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دو طرفہ سیکورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں فوجی کمانڈرز نے علاقائی سلامتی کے ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ جنرل ہان نے پاک فوج کی جانب سے سی پیک کے لیے اعلیٰ درجے کی سیکیورٹی کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ چینی فوج نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کی تعریف کی اور پاک فوج کی جنگی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :