19 ستمبر ، 2018
دبئی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کو اپنے دوسرے ہی میچ میں شدید دھچکا لگا جب ان کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جارہا ہے لیکن قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہے۔
ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا اگلا میچ جمعے کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔
بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے، انہیں اسٹریچر پر گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح انہیں لے جایا گیا ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ہاردک لوئر بیک انجری کا شکار ہوئے ہیں۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ کھڑے ہورہے ہیں البتہ ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پانڈیا اپنے پانچویں اوور کی پانچویں گیند کرانے کے بعد پچ پر گر گئے انہیں اسٹریچر پر باہر لے جایا گیا۔
بھارتی ٹیم کے فزیو پیٹرک فرحت نے انہیں گراؤنڈ میں طبی امداد فراہم کی۔انہوں نےچار اعشاریہ پانچ اوورز میں24رنز دیئے۔ان کی جگہ رائیڈو نے اوور مکمل کیا۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم ان کی فٹنس کا جائزہ لے رہی ہے۔پانڈیا کے ان فٹ ہونے کے بعد کیدر یادیو کو چھٹے بولر کے طور پر استعمال کیا گیا۔