25 ستمبر ، 2018
کراچی: سندھ میں بدعنوان اور سیاسی پشت پناہی رکھنے والے سرکاری افسران کی تفصیلات جمع کرلی گئیں۔
ذرائع کے مطابق احتساب کے اداروں کے انٹیلی جنس یونٹ نے خفیہ رپورٹ تیار کی ہے جس کی تفصیلات جمع کرنے میں ایک سال کا عرصہ لگا، کرپٹ افسران کی تفصیلات اکٹھی کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) سمیت دیگر اداروں سے بھی مدد لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتسابی اداروں نے اہم اور پرکشش عہدوں پر طویل تعیناتی رکھنے والے منظور نظر افسران کے کوائف جمع کئے جب کہ ان کرپٹ افسران کی غیر ملکی شہریت، دوروں اور اہل خانہ سمیت اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیاسی پشت پناہی رکھنے والے افسران اور اہم ترقیاتی منصوبوں میں مالی بدعنوانی کرنے والے ڈائریکٹرز کی فہرستیں بھی تیار کی گئی ہیں، یہی نہیں اہم عہدوں پر طویل عرصے سے تعینات افسران اور عملے کی بھی تفصیلات جمع کی گئی ہیں۔
صوبائی محکموں کے کرپٹ افسران میں سرفہرست محکمہ بورڈ آف ریونیو، محکمہ خزانہ، تعلیم، صحت، خوراک، اطلاعات، بلدیات، ذراعت، آبپاشی، پولیس، جیل خانہ جات، جنگلات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ورکس سروسز شامل ہیں۔