25 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے وزیراعظم عمران خان کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کے لیے حکومت کی جانب سے دیے گئے ناموں پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی ارکان کے لیے شیریں مزاری، شفقت محمود، علی محمد خان اور عامر ڈوگر کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے جب کہ مسلم لیگ (ق) کی طرف سے بشیر چیمہ کا نام دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس رکھیں تاہم حتمی فیصلہ ایک دو روز میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے لیے بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کے لیے احسن اقبال، رانا تنویر، رانا ثناء اللہ اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو نامزد کیا ہے۔
اس سے قبل حزب اختلاف کی جماعتوں نے مطالبہ کیا تھا کہ دھاندلی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی برابر نمائندگی اور کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جائے۔