Time 02 اکتوبر ، 2018
پاکستان

کراچی: نارتھ ناظم آباد میں گیس سلینڈر کا دھماکا، 3 افراد زخمی


کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب 'پراسرار دھماکے' معمہ حل ہو گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دکان میں گیس سلینڈر سے لیکج کے باعث دھماکا ہوا۔ 

نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے سامنے رہائشی عمارت میں واقع دکان میں دھماکا ہوا جس میں 3 افراد معمولی زخمی ہوئے تھے جب کہ گاڑیوں اور فلیٹس کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔

دھماکے سے متاثرہ دکانوں میں ایک میڈیکل اسٹور، برگر کی دکان اور جنرل اسٹور شامل ہیں۔

جنرل اسٹور کا مالک واقعے کا عینی شاہد بھی ہے، جس نے بتایا کہ وہ دکان بند کر رہا تھا کہ اچانک دھماکا ہوا اور ہر طرف دھواں اور مٹی پھیل گئی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دکان میں دو گیس سلینڈر موجود تھے جن کے وال صحیح بند نہ ہونے کی وجہ سے گیس کا اخراج ہوا اور شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکا ہوا۔

شہر میں اپنی نوعیت کے اس پراسرار دھماکے کے باوجود جائے وقوع پر پولیس کا کوئی سینیئر افسر علی الصبح تک نہ پہنچا۔

مزید خبریں :