Time 02 اکتوبر ، 2018
کھیل

فی الحال پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز ممکن نہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ

گزشتہ روز سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بطور گواہ تنازع کو سننے والے پینل کے سامنے پیش ہوئے۔ فوٹو: فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کی دوسرے دن کی سماعت مکمل ہوگئی، بھارت نے اپنا مؤقف پیش کردیا، ذرائع کے مطابق بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں لہٰذا بھارتی ٹیم وہاں نہیں جاسکتی، پاکستان میں 10 سال سے کوئی ٹیم نہیں آرہی ہے۔

دبئی میں آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کی سماعت دوسرے روز بھی ہوئی، بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے رتناکر شیٹھی اور بی سی سی آئی کے سابق سیکریٹری سنجے پٹیل نے مؤقف پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بہانے بازی جاری ہے، بھارت نے مؤقف پیش کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں جاسکتی ،وہاں حالات ٹھیک نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں 10 سال سے کوئی ٹیم میچز کھیلنے نہیں گئی،  پاکستان کو بھارت میں مدعو نہیں کرسکتے کیونکہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، اسی لیے ایشیا کپ دبئی میں کرایا۔

بھارتی حکام نے کہا کہ فی الحال پاکستان کے ساتھ سیریز ممکن نہیں۔ ذرائع کے مطابق سماعت کے تیسرے روز کے پہلے سیشن میں بھی بھارتی حکام اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

پاکستان سے طے شدہ سیریز کھیلنے سے انکار پر بھارت کے خلاف آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں قانونی جنگ جاری ہے جس میں گزشتہ روز سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہوئے۔

دونوں ممالک کے تنازع کو سننے والا پینل مائیکل بیلوف اور جان پالسن انابیلے بینٹ پر مشتمل ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین، لندن کے وکیل الیگزینڈروز پینادیز، پی سی بی کے جی ایم لیگل افیئر سلمان نصیر اور وکیل ابراہیم حسین نمائندگی کر رہے ہیں۔ 

یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 2014 میں ہونے والے معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت کو 2015 سے 2023 کے دوران 6 دوطرفہ سیریز کھیلنا تھیں تاہم بھارت بعدازاں معاہدے سے مکر گیا۔

پی سی بی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت 70 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔

مزید خبریں :