پاکستان
31 جولائی ، 2012

پاک امریکا نیٹو سپلائی کے معاہدے پر دستخط،امریکافنڈز بھی ملنے کا امکان

پاک امریکا نیٹو سپلائی کے معاہدے پر دستخط،امریکافنڈز بھی ملنے کا امکان

راول پنڈی…پاکستان اور امریکا نے نیٹو سپلائی روٹ کے معاہدے پر دست خط کردیئے ہیں جس کے بعد یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کے ایک ارب، 10 کروڑ ڈالرز جلد مل جائیں گے۔ گزشتہ برس 26نومبر کوسلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے فوری بعد نیٹو سپلائی معطل کردی گئی تھی جو3 جولائی کوامریکی اظہار افسوس پر بحال کردی گئی۔ نیٹو سپلائی روٹ معاہدے کی تقریب وزارت دفاع راول پنڈی میں ہوئی ۔ قائم مقام امریکی سفیرر چرڈہوگلینڈ اور پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری دفاع ریئرایڈمرل فرخ احمد نے معاہدے پر دستخط کیئے ۔ معاہدے کی دستاویز میں اسلحہ و گولہ بارود سمیت 24ممنوعہ اشیا کی فہرست بھی شامل ہے۔ نیٹو سپلائی پر کوئی فیس یا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ قائم مقام امریکی سفیررچرڈ ہوگلینڈ نے کا اس موقع پر کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات احتیاط سے طے ہونے چاہئیں جو دیرپا ہوں اور پورے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے فروغ میں بھی مدد گار ہوں ، میں واشنگٹن سے رابطہ کر رہا ہوں تا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ کے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر جاری کیئے جائیں۔سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو سپلائی کے حوالے سے یہ معاہدہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے طویل سفر طے کرنا پڑا ، اس معاہدے سے خطے میں استحکام آئے گا۔ نیٹو کنٹینرز کی کراچی بندرگاہ کے علاوہ چمن اور طورخم سرحدپر اسکیننگ کی جائے گی۔کنٹینرز کی مانیٹرنگ کے لیے ٹریکر نصب کیے جائیں گے،وزارت دفاع کے حکام کہتے ہیں کہ اس معاہدے میں پاکستان کے مفادات کا بھرپور دفاع کیا گیا ہے پاکستان کے پاس اختیار ہے کہ کسی بھی وقت معاہدہ ختم کر کے نیٹو سپلائی روک سکتا ہے ۔

مزید خبریں :