Time 05 اکتوبر ، 2018
کھیل

آسٹریلیا کیخلاف سیریز، کسی نے شاداب کی فٹنس دیکھنے کی زحمت ہی نہ کی

— فوٹو:فائل 

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم میں فٹنس کا راگ الاپنے والوں نے ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کرنے سے پہلے شاداب خان کی فٹنس کو دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی۔

گزشتہ سال فٹنس کی وجہ سے عمر اکمل کو آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی ٹیم سے ڈراپ کرکے انگلینڈ سے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا لیکن شاداب خان مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود ٹیم کے ساتھ سفر کررہے ہیں۔

شاداب خان ان فٹ ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

لیگ اسپنر شاداب خان کو آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہےلیکن ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان گروئن انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں۔

پہلے ٹیسٹ میں آف اسپنر بلال آصف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے اور پاکستان ٹیسٹ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ اور آف اسپنر بلال آصف کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

دبئی میں اتوار سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں شاداب کی شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 1990 میں روایتی طور پر دو لیگ اسپنرز عبدالقادر اور مشتاق احمد کو کھلا چکی ہے جب کہ دانش کنیریا اور شاہد آفریدی بھی ایک ساتھ کھیلتے رہے ہیں۔

آفریدی اور کنیریا نے ایک ساتھ 17 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جب کہ 1960 اور 1970 کی دہائی میں انتخاب عالم اور مشتاق محمد بھی ایک ساتھ کھیل چکے ہیں۔

دواسپنرز کے ساتھ پاکستانی ٹیم انتظامیہ دو فاسٹ بولرز میر حمزہ اور محمد عباس کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک دن کے آرام کے بعد جمعے کی دوپہر آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کی۔ آسٹریلوی ٹیم میں شامل طویل قامت فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی شمولیت کے پیش نظر پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے بولنگ مشین سے اونچائی سے اپنے بیٹسمینوں کے لئے خاص پریکٹس سیشن کا اہتمام کیا۔

پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مخالفت کے باوجود قومی سلیکشن کمیٹی اور کپتان سرفراز احمد کی کوششوں نے ٹیسٹ اوپنر محمد حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے 18 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے پاکستان ٹیم میں شامل کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پہلے ٹیسٹ کے لئے پاکستان کے ممکنہ گیارہ کھلاڑیوں میں امام الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، سرفراز احمد، بلال آصف، محمد عباس، یاسر شاہ اور وہاب ریاض یا میر حمزہ شامل ہوں گے۔

مزید خبریں :