Time 05 اکتوبر ، 2018
کھیل

پاکستان سپر لیگ 2019 کیلئے تین فرنچائزز نے رقوم جمع کروا دیں

پاکستان سپر لیگ 2019 کے ایڈیشن کے لیے تین فرنچائزز کی جانب سے رقوم کی ادائیگی کر دی گئی ہے جب کہ تین فرنچائزز کی جانب سے فیس ادا نہ کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کو شروع کروانے والے سابق چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کھلاڑیوں کو ادا کیے جانے والے معاوضے پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

پی ایس ایل کی گورننگ کونسل نے ہر ایڈیشن سے قبل فرنچائزز کو پابند کیا کہ ایونٹ شروع ہونے سے 6 ماہ قبل بینک گارنٹی اور فیس جمع کروائی جائے تاکہ لیگ کے مالی معاملات عمدگی سے آگے بڑھائیں جائیں تاہم نجم سیٹھی کے جانے کے بعد نئے چئیرمین احسان مانی کے لئے ٹیموں کی فیس کا معاملہ ہی پہلا بڑا چیلنج دکھائی دے رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل نے فرنچائزز کو رقم کی ادائیگی کی پہلی تاریخ 18اگست دی تھی جس کے گزرنے سے قبل لاہور قلندرز وہ واحد فرنچائز تھی جس نے بروقت ادائیگی کی۔

بعدازاں گورننگ کونسل نے رقم کی ادائیگی کی تاریخ کو 30 ستمبر تک بڑھا دیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئٹہ گیلڈئیڑز نے اپنے واجبات ادا کر دئیے۔

اب اطلاعات ہیں کہ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بورڈ کو ادائیگی کر چکی ہے تاہم کراچی کنگز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز نے  پاکستان سپر لیگ 2019 کے لئے تاحال اپنے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جو سرا سر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ 

اس بارے میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے نہ صرف تحفظات کا اظہار کیا ہے بلکہ انہوں نے فرنچائزز کو تنبیہ کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔

مزید خبریں :