پاکستان
31 جولائی ، 2012

نیٹو سپلائی کی بحالی،امریکا کے ساتھ افغان جنگجو گروپ بھی خوش

واشنگٹن…نیٹو سپلائی کی بحالی پر صرف امریکا نے ہی سکون کا سانس نہیں لیا، بلکہ افغان جنگجو گروپ بھی آمدنی کا بڑا ذریعہ بحال ہونے پر خوش ہیں۔ امریکی نیوزایجنسی کے مطابق سپلائی لانے والے ٹرکوں کوفوجی اڈوں تک بحفاظت پہنچانے کیلئے افغان سکیورٹی کمپنیاں جنگجو گروپوں کو غیرقانونی طورپرلاکھوں ڈالر ادا کرتی ہیں۔ اس رقم کے بدلے جنگجو گروپ ٹرکوں پر حملہ نہ کرنے کی ضمانت دیتے ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق اس طرح گذشتہ سال امریکی ٹیکس دہندگان کے 36 کروڑ ڈالر جنگجو گروپوں کے ہاتھوں میں چلے گئے تھے۔ پچھلے سال نومبر میں پاکستان کی جانب سے نیٹو سپلائی روٹس بند کئے جانے کے بعد جنوبی اور مشرقی افغانستان کے جنگجو گروپوں کیلئے آمدنی کا یہ بڑا ذریعہ بھی ختم ہوگیا تھا۔ 8 ماہ بعد سپلائی روٹ کی بحالی پر امریکا تو خوش ہے ہی لیکن ساتھ ہی جنگجو گروپ بھی خوشیاں منارہے ہیں۔

مزید خبریں :