Time 06 اکتوبر ، 2018
کھیل

پاک آسڑیلیا ٹیسٹ سیریز میں کینگروز کا پلہ بھاری

— فوٹو:فائل 

پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں کینگروز کا پلہ بھاری رہا ہے۔

پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان اتوار 7 اکتوبر سے دو ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ دبئی میں کھیلا جائے گا اور یہ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 24 ویں سیریز ہوگی۔

ماضی میں ہونی والی سیریز میں آسڑیلیا 12 جب کہ پاکستان صرف 6 سیریز جیت سکا ہے اور 5 سیریز ڈرا پر ختم ہوئی ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی بار ٹیسٹ سیریز اکتوبر 1956ء میں کھیلی گئی جس میں آسڑیلیا کی قیادت ای این جانسن نے کی۔

مرحوم عبدالحفیظ کاردار کی قیادت میں میزبان ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 9 وکٹ سے فتح حاصل کی۔

آسڑیلیا نے پاکستان کے خلاف ماضی میں کھیلی جانی والی چھ ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے جب کہ پاکستان نے آسڑیلیا کے خلاف سیریز کے تمام تین ٹیسٹ صرف ایک بار جیتے ہیں۔

عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے 1982ء میں کراچی، فیصل آباد اور لاہور میں کینگروز کو شکست دی تھی۔

پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان صرف ایک بار 5 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز 1983ء میں کھیلی گئی جس میں ظہیر عباس نے قومی ٹیم کی قیادت کی۔

یہ دوسرا موقع ہے جب پاکستان اور آسڑیلیا متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں جب کہ 2003ء میں آسڑیلیا نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کولمبو(سری لنکا) میں کھیلنے کے بعد شارجہ میں دو ٹیسٹ کھیلے جہاں پاکستان کو وقار یونس کی قیادت میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

2014ء میں مصباح الحق کی قیادت میں ٹیم پاکستان نے آسڑیلیا کو دبئی اور ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دی تھی۔

مزید خبریں :