Time 07 اکتوبر ، 2018
کھیل

لاہور قلندر نے ’ڈیڑھ لاکھ ڈالر‘ کی انعامی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم کردی

ٹیم کے 17 کھلاڑیوں کو دس دس لاکھ روپے دئیے گئے جب کہ ٹیم کے مالک نے کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی دو دو لاکھ دینے کا اعلان کیا — فوٹو: فائل 

ابوظہبی: لاہور قلندر نے ابوظہی ٹی ٹوئنٹی لیگ جیت کر ’ڈیڑھ لاکھ ڈالر‘ کی انعامی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم کردی۔

شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں چار سے چھ اکتوبر تک کھیلے گئے ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز لاہور قلندر نے شرکت کی تھی۔

لاہور قلندر نے ٹائٹل کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم جیتی ہے جو ٹیم کے 17 کھلاڑیوں میں مساوی تقسیم کی گئی اور ہر کھلاڑی کو دس دس لاکھ روپے دئیے گئے ہیں۔

یاد رہے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ سے قبل ہی انتظامیہ نے فیصلہ کیا تھا کہ انعامی رقم کھلاڑیوں میں مساوی تقسیم ہوگی۔

دوسری جانب ٹیم کے مالک رانا فواد نے ٹورنامنٹ کے 3 مین آف دا میچ سہیل اختر، فرزان راجا اور شاہین شاہ آفریدی کے لئے اسمارٹ فون دینے کا اعلان  کیا جب کہ کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی دو دو لاکھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا کرم ہے کہ ہماری محنت رنگ لے آئی اور پلئیر ڈیویلپمنٹ کے نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ہم نے جنوبی افریقہ کی 3 سال سے چیمپئن ٹائٹنز کو فائنل میں ہرایا۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کے سوال پر عاطف رانا نے کہا کہ ابوظہبی میں یہ ٹورنامنٹ شیخ النہیان کی 100 سالہ تقریبات پر منعقد کیا گیا جس میں پانچ ملکوں کی چیمپئنز ٹیموں کے ساتھ منتظمین نے لاہور قلندر کو ’پلئیرز ڈیویلپمنٹ‘ پروگرام کو منظم اور بہترین انداز میں منعقد کرنے پر مدعو کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ جیت کر ہمارے کھلاڑیوں نے لاہور قلندر کو بلانے کے فیصلے کو درست ثابت کیا۔

مزید خبریں :