Time 10 اکتوبر ، 2018
کھیل

میڈیا سے پتا چلا کہ مجھے ہاکی ٹیم کی قیادت سے ہٹایا جا رہا ہے: رضوان سینئر

— رضوان سینئر

قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئر کا کہنا ہے کہ انہیں قیادت سے ہٹائے جانے کی خبریں میڈیا کے ذریعے ملی ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سنئیر ان دنوں لیگ ہاکی کھیلنے کے لئے ہالینڈ میں موجود ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان کا کہنا تھا کہ وہ یورپین لیگ کھیلنے کے بعد ایک دن پہلے ہی میں اسپین سے ہالینڈ پہنچے ہیں اور انہیں قیادت سے ہٹائے جانے کی خبریں میڈیا کے توسط سے ملی۔

رضوان کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے منیجر حسن سردار سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا سب من گھڑت ہے،پریشان نہ ہو آپ ہی کپتان ہیں۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ انہیں اسسٹنٹ کوچ ریحان بٹ نے کہا ہے کہ آپ 14اکتوبر کی فلائٹ کی تیاری کریں۔

پاکستان کے لئے 185میچ کھیلنے والے رضوان سنئیر کہتے ہیں کہ انہیں ایشین گیمز میں نہ جیتنے کا بہت افسوس ہے،ناکامی کا سارا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈالنا سراسر نا انصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق اولمپئینز کی باتیں افسوس ناک ہیں ،پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سابق کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی کپتانی اعزاز ہے لیکن وہ زبردستی کپتان نہیں بن سکتے۔'فیڈریشن کا اختیار ہے،وہ کس کو کپتان رکھتی ہے،کس کو نہیں ۔ہاکی کھیلنا میرا جنون اور شوق ہے،اور میں اپنے ملک کے لئے کپتانی کے لئے نہیں خدمت کے جذبے سے کھیلتا ہوں۔

ایشین گیمز میں کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک کے سوال پر قومی ہاکی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یہ باتیں بے بنیاد ہیں، سب کھلاڑی ان کے دوست ہیں اور اگر انہوں نے کسی کے ساتھ برا کیا ہے تو اس کا نام بتایا جائے ۔

مزید خبریں :