Time 14 اکتوبر ، 2018
کھیل

ایشین بریڈ مین ظہیر عباس عارضہ قلب میں مبتلا

کراچی کے اسپتال میں 4 گھنٹے کے پیچیدہ آپریشن کے دوران اینجیو گرافی کی گئی اور دو اسٹنٹ ڈالنے کے بعد سی سی یو منتقل کردیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل 

کراچی: ایشین بریڈ مین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے۔

 ظہیر عباس کی کراچی کے علاقے کلفٹن کے ایک اسپتال میں 4 گھنٹے کے پیچیدہ آپریشن کے دوران اینجیو گرافی کی گئی اور دو اسٹنٹ ڈالنے کے بعد انہیں سی سی یو منتقل کردیا گیا ہے۔

ظہیر عباس کے چھوٹے بھائی صغیر عباس نے بتایا کہ جمعے کو دل میں تکلیف کے بعد 71 سالہ ظہیر عباس کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر دل کی شریانوں کی بندش کے باعث اینجیو گرافی کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پیچیدہ آپریشن میں کئی مسائل کا سامنا تھا تاہم سی سی یو منتقل کرنے کے بعد ظہیر عباس کی حالت میں بہتری آئی ہے۔

صغیر عباس نے مزید بتایا کہ ظہیر عباس کی ملاقات پر پابندی ہے تاہم ان کے پرستاروں سے دعائے صحت کی اپیل ہے۔

واضح رہے کہ ظہیر عباس واحد ایشین بیٹسمین ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 100 سینچریاں بنائیں اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ظہیر عباس پاکستان کی جانب سے 78 ٹیسٹ میچوں میں 44 کی اوسط سے 5062 رنز بنا چکے ہیں جس میں 12 سینچریاں بھی شامل ہیں جب کہ 62 ایک روزہ میچز میں وہ 7 سنچریوں کی مدد سے 2572 رنز بھی بنا چکے ہیں۔

ظہیر عباس مستقل گولف کھیلتے ہیں اور سوشل حلقوں میں کافی متحرک ہیں، انہیں پہلی بار دل کی تکلیف ہوئی ہے۔

مزید خبریں :