24 اکتوبر ، 2018
پاکستانی اداکارہ منشا پاشا اکثر وبیشتر مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتی رہتی ہیں اور اب شوبز انڈسٹری کی خواتین پر تنقید کرتے ہوئے اداکارہ نے انہیں اچھا بولنے کا مشورہ دے ڈالا۔
منشا پاشا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے متعدد پیغامات میں گلوکارہ مومنہ مستحسن، اداکارہ حرا مانی اور ماڈل صدف کنول کے حالیہ بیانات کو نشانہ بنایا۔
منشا پاشا نے سب سے پہلے ٹوئٹر پر کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں پیش کیے گئے گانے ’کوکو کورینا‘ پر اظہار خیال کیا، جس کی گلوکاری مومنہ مستحسن اور اداکار احد رضا میر نے کی ہے۔
اداکارہ نے لکھا، وہ امید کرتی ہیں کہ کوک اسٹوڈیو کے آئندہ سیزن میں شہرت یا خوبصورتی کے بجائے نئے اور اچھے گلوکاروں کو فن کا جوہر دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
منشا پاشا کا مزید کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کوک اسٹوڈیو سیزن 1 کے پروڈیوسر روحیل حیات واپس آجائیں، کیونکہ ہم اختتام خوشگوار چاہتے ہیں۔
بعد ازاں منشا پاشا نے اداکارہ حرا مانی کے حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویو پر بھی تنقید کی، جس میں اداکارہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے منگیتر اور دوست کو دھوکا دے کر اداکار مانی سے شادی کی تھی۔
دوسری جانب انہوں نے ماڈل صدف کنول کے اس بیان پر بھی افسوس کا اظہار کیا، جس میں ان کا کہنا کہ ’جب خواتین کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے تو وہ اُس وقت کیوں آواز نہیں اٹھاتیں، بعد میں کیوں می ٹو بولتی ہیں‘۔
ساتھ ہی انہوں نے مومنہ مستحسن کی جانب سے 'کوکورینا' پر تنقید کرنے والی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کو ٹوئٹر پر جواب دیتے ہوئے اسپائیڈر مین کے کردار انکل بین کا مشہور زمانہ جملہ استعمال کرنے کا بھی حوالہ دیا۔
آخر میں منشا پاشا نے مشورہ دیا کہ ہماری انڈسٹری کی خواتین کو ضرورت ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور اچھا بولنا سیکھیں۔