’ٹھگز آف ہندوستان‘ کو اپنی ہی ’حسینہ‘ سے خطرہ

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

بالی وڈ کی سب سے مہنگی اور سب سے بڑی فلم ”ٹھگز آف ہندوستان“ کو اپنی ہی حسینہ کترینہ سے خطرہ کیوں ہے؟ کیا امیتابھ بچن اور عامر خان کی موجودگی بھی فلم کو سپر ہٹ کرانے میں ناکام ہوسکتی ہے؟ عامر خان ٹھگز کیلئے ”مائنس“ اور امیتابھ ”پلس“ کیوں ہیں؟

کیا عامر خان ”دیوالی“ پر”کرسمس“ کی طرح سپر ڈوپر ہٹ ہوسکتے ہیں؟ وہ کون سا ایک ”سرپرائز“ ہے جو ہوسکتا ہے فلم کو ناکامی کے طوفان سے بچا کر سپر ہٹ کرالے؟ فلم ٹھگز اگر سینما پر ناکام بھی ہوگئی تب بھی اس پروجیکٹ میں فائدہ ہی فائدہ کیوں ہے؟

ان سب سوالات کے جوابات آپ کے ساتھ مل کر ڈھونڈیں گے لیکن ابھی سیدھی بات یہ کہ ٹھگز کے ٹریلر کی مقبولیت کے باوجود ٹریلر دیکھنے والوں کے سینے میں کوئی ” ایکس فیکٹر“کا تیر نہیں لگا، ٹریلر دیکھنے والا کوئی لُٹا نہ ہی کسی کی جان گئی۔

ڈائیلاگز سے کوئی ڈھیر ہوا نہ گانوں سے کوئی سیر ہوا۔ بالی وڈ کی 300 کروڑ بجٹ کی پہلی فلم کے اسپیشل ایفکٹس بھی دیکھے دیکھے سے لگے، شاید ہالی وڈ کی ”پائرٹس آف دی کیریبین“ہے جس کی وجہ سے ایسا لگ رہا ہے اور لوگ ”ٹھگز“ کو پائرٹس بھی کاپی بھی کہہ رہے ہیں لیکن ایسا بالکل نہیں۔

امیتابھ بچن اور عامر خان کے رقص کا ایک منظر — فوٹو: سوشل میڈیا 

یہ فلم بحری قزاقوں کی نہیں آزادی کے مجاہدوں کی کہانی زیادہ لگ رہی ہے جو صرف اس وقت کے ہندوستان پر قابض ایسٹ انڈیا کمپنی کے جہازوں کو لوٹتی تھی۔ اس لحاظ سے اس فلم کو دلیپ کمار، منوج کمار، ہیما مالنی، ششی کپور اور زینت امان کی فلم”کرانتی“ سے ضرور ملایا جاسکتا ہے جس کو آج سب سے زیادہ فلم کے گانے ”زندگی کی نہ ٹوٹے لڑی“ کی وجہ سے زیادہ یاد رکھا جاتا ہے۔

میگا بجٹ کرانتی بھی باکس آفس پر سپر ہٹ نہیں ہوسکی تھی، دلیپ کمار کا اسٹارڈ م کافی نیچے آگیا تھا اور منوج کمار ویسے بھی عوام میں اتنے مقبول نہیں تھے اور باکس آفس پر امیتابھ، دھرمیندر اور جتندر کا بول بالا تھا۔

کچھ کا کہنا تھا کہ کرانتی کی ریلیز کے وقت فلم کے رزلٹ میں مرکزی کرداروں کی ڈھلتی عمر نے ہی کام پورا کیا۔ کرانتی کے وقت منوج کمار 44 اور دلیپ کمار60 سال کے آس پاس تھے اس لحاظ سے تو ٹھگز کی ریلیز کے وقت عامر خان 54 اور بگ بی 76 سال کے ہیں لیکن یہاں ان دونوں کی عمر کوئی رکاوٹ نہیں کیونکہ فلم کا ٹریلر اس وقت تک بالی وڈ کا سب سے مقبول فلم ٹریلر بن چکا ہے۔

فلم کے سیٹ پر عامر خان شطرنچ کھیلتے ہوئے — فوٹو: سوشل میڈیا

صرف سلمان خان کی ”ٹائیگر زندہ ہے“ کا ٹریلر اس فلم سے آگے ہے لیکن ٹھگز کا ٹریلر یقیناً جلد ہی ٹائیگر کا ریکارڈ توڑ دے گا۔ ٹھگز کا ٹریلر صرف ایک مہینے میں ساڑھے سات کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے،  دوسری طرف ٹائیگر کے ٹریلر کو ایک سال کے دوران 9کروڑ کے آس پاس دیکھا جاچکا ہے۔

دونوں اسٹار پچھلے دو برسوں میں ’پنک‘، ’پیکو‘ اور ’دنگل‘ جیسی میگا ہٹ فلمیں دے چکے ہیں اور یہاں تو دونوں میگا اسٹار پہلی بار اسکرین پر ایک ساتھ آرہے ہیں۔

دس پندرہ سال پہلے عامر خان اور امیتابھ بچن کی جوڑی فلم کا نام غالباََ ”رشتہ“ تھا، بننا شروع ہوئی تھی لیکن کبھی مکمل نہیں ہوسکی اب امیتابھ بچن پہلی بار عامر خان کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔

فلم میں امیتابھ بچن کا انداز — فوٹو:سوشل میڈیا 

بالی وڈ کے شہنشاہ اس سے پہلے شاہ رخ خان کے ساتھ ’محبتیں‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘ اور ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں بھی کام کرچکے ہیں اس فہرست میں ظاہر ہے پہیلی یا بھوت ناتھ کو نہیں لیا جاسکتا جہاں ایک کا کردار مہمان اداکار کا تھا۔

دوسری طرف امیتابھ بچن کی سلمان خان کے ساتھ پہلی فلم ” باغبان“ بھی سپر ہٹ ہوئی تھی۔ اس طرح امیتابھ بچن کا تو ٹریک ریکارڈ ”پلس “ میں بنتا ہے لیکن عامر خان کا ”مائنس“ کیونکہ جب بھی عامر کسی بڑے ہیرو کے ساتھ اسکرین پر آئے فلم کامیاب نہیں ہوسکی ان میں سلمان خان کے ساتھ ”انداز اپنا اپنا“ اور انیل کپور کے ساتھ ” من “ قابل ذکر ہیں، فلم ”عشق“ میں اجے دیوگن ضرور تھے لیکن اجے دیوگن کو آج بھی ٹاپ فائیو میں نہیں گنا جاتا۔

فلم کی مرکزی کاسٹ اور ہدایت کار تقریب میں شریک — فوٹو: یش راج فلمز

ٹھگز آف ہندوستان تقسیم سے پہلے 17 ویں اور اٹھاریوں صدی عیسوی کی کہانی ہے۔ عامر خان اس سے پہلے لگان اور رنگ دے بسنتی میں بھی انگریزوں کیخلاف لڑ کر کامیاب ہوچکے ہیں لیکن ’ارتھ‘ میں ان کا کردار منفی تھا اور فلم بھی کمرشل نہیں تھی لیکن ”منگل پانڈے “ بری طرح فلاپ ہوئی تھی۔

اس ٹھگز میں بھی انھوں نے کچھ دیر کیلئے صحیح انگریز سرکار کی وہ وردی پہنی ہے جو وہ منگل پانڈے میں بھی پہن چکے ہیں تو دیکھیں اس بار نتیجہ کیا ہوتا ہے؟

ٹھگز عامر خان کی فلم ہے اور کرسمس پر نہیں دیوالی پر ریلیز ہورہی ہے۔کرسمس عامر خان کیلئے ”لکی“ رہا ہے لیکن دیوالی شاہ رخ خان اور اجے دیوگن کے تہوار کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ 

دیوالی کا دن بھی باکس آفس میں بزنس کیلے کرسمس اور عید سے کافی چھوٹا ہوتا ہے۔ عامر خان کی ’پی کے‘ ، ’دنگل‘، ’دھوم تھری‘، ’گھجنی‘ اور ’تھری ایڈٹس‘ یہ ساری فلمیں کرسمس ویک پر ریلیز ہوئیں تھیں اس بار دیوالی پر کیا ہوگا اس کا فیصلہ بھی وقت کرے گا۔

— فوٹو: یش راج فلمز 

فلم ٹھگز آف ہندوستان کو سینما یا ڈسٹری بیوشن پر ایورج ہونے کیلئے کم سے کم اپنے ملک میں 300 کروڑ کمانے ہونگے۔ فلم کا چار سو کروڑ کمانا نا ممکن لگ رہا ہے اس لیے فلم انڈین باکس آفس پر میگا ہٹ کا اسٹیٹس حاصل کرنے میں اب تک ناکام نظر آرہی ہے۔

لیکن فلم اوور سیز خاص طور پر چین اور سیٹلائٹ رائٹس سے ہی فلم بنانے والوں کیلئے فائدے کا سودا ثات ہوگی، ڈیجیٹل رائٹس اور مارکیٹنگ سے بھی اربوں روپے ملیں گے۔

سب سوالات کے جواب مل گئے لیکن ٹھگز کیلئے اس فلم کی حسینہ ”کترینہ“ سب سے بڑاخطرہ کیوں ہے؟ آئیے اب آپ کو بتاتے ہیں۔ عامر خان کو باکس آفس پر کامیاب” ہیرو“ بنے تیس سال ہوگئے، اس تمام عرصے میں انھوں نے لمبے لمبے چھکے مارے بہت کم ہیروئنز کے ساتھ کام کیا جن کے ساتھ کیا ان کے ساتھ خوب سوچ سمجھ کر کام کیا لیکن عامر اور ان کی ہیروئنز کے ساتھ ”اعداد و شمار “ کی ایک بڑی گڑ بڑ ہے۔

عامر نے جس ہیروئن کے ساتھ بھی پہلی فلم سپر ہٹ یا بلاک بسٹردی اسی ہیروئن کے ساتھ ان کی دوسری فلم بری طرح فلاپ ہوئی جیسے جوہی کے ساتھ ’قیامت سے قیامت تک‘ سپر ہٹ لیکن”لو لو لو “ بری طرح ناکام۔

مادھوری کے ساتھ ”دل“ کامیاب تو فوراً بعد ”دیوانہ مجھ سا نہیں“ فلاپ ہوئی، رانی مکھرجی کے ساتھ فلم ”غلام“ نے باکس آفس پر راجہ بنایا تو اسی رانی کے ساتھ دوسری فلم ”منگل پانڈے“ نے منہ کی کھائی۔

عامر خان نے کرینہ کپور کے ساتھ ”تھری ایڈٹس “ میں کام کیا تو فلم باکس آفس کی تاریخ کی پہلی دو سو کروڑ کمانے والی فلم بنی، یہی جوڑی تین سال بعد تلاش میں اکھٹی ہوئی تو 100کروڑ کمانے میں بھی ناکام رہی۔

اب ٹھگز میں عامر کے مد مقابل ہیں کترینہ جو ’دھوم تھری‘ میں بھی عامر خان کے ساتھ کامیاب ترین فلم باکس آفس کو دے چکی ہیں لیکن اب اس ٹھگز کا کیا ہوگا یہ کوئی نہیں جانتا؟

ویسے ہر فلم اپنی ریلیز سے پہلے کامیاب ہوتی ہے اور فلم کا ٹریلر ضروری نہیں ہے کہ فلم جتنا ہی مضبوط اور مربوط ہوں لیکن ایک سرپرائز جو ہلچل مچاسکتا ہے وہ ہے عامر خان کا فلم میں مکمل ”ولن“ بننا کیونکہ ابھی ٹریلر میں عامر خان کے گرے شیڈز تو نظر آرہے ہیں لیکن سب ابھی یہی سمجھ رہے ہیں کہ آخر میں امیتابھ اور عامر ایک ہو کر انگریز سرکار کا بینڈ بجائیں گے۔

میرے خیال میں اگر عامر خان”اینڈ“ تک ”اتنے“ہی رہتے ہیں جتنا وہ سرکار کو انگلش میں پوچھ کر بتاتے ہیں تو پھر فلم کو سپر ہٹ ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا کترینہ اور عامر کی دھوم تھری بھی نہیں۔

ذرا ٹھہریئے اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں: