پاکستان
Time 02 نومبر ، 2018

مولانا سمیع الحق کون تھے؟

جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور جمیعت العلماء اسلام (سمیع الحق) کےسربراہ مولانا سمیع الحق کا تعلق دینی گھرانے سے تھا— فوٹو: فائل

جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور جمیعت العلماء اسلام (سمیع الحق) کےسربراہ مولانا سمیع الحق کا تعلق دینی گھرانے سے تھا، وہ 18 دسمبر1937 کو اکوڑہ خٹک میں پیدا ہوئے۔

مولانا سمیع الحق دفاعِ پاکستان کونسل کے چئیرمین اور جمیعت علما اسلام سمیع الحق گروپ کے سربراہ تھے۔

مولانا سمیع الحق سینیٹ کے رکن بھی رہے ہیں۔ وہ جامعہ دار العلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے سربراہ بھی تھے۔ مولانا سمیع الحق نے خود بھی دارالعلوم حقانیہ سے تعلیم حاصل کی جس کی بنیاد ان کے والد مولانا عبدالحق نے رکھی تھی۔

مولانا سمیع الحق کا شمار ملک کی مذہبی اور سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے مختلف مکاتب فکر کو ایک پیلٹ فارم پر جمع کرنے اور متحدہ مجلس عمل کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔

مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق نے میڈیا کو ٹیلی فون پر بتایا کہ مولانا سمیع الحق پر گھر کے اندر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مولانا سمیع الحق عصر کے بعد اپنے گھر پر آرام کر رہے تھے ،ان کے ڈرائیور اور محافظ مولانا احمد حقانی کچھ دیر کے لیے باہر گئےاور جب واپس آئے تو مولانا اپنے بستر پر پڑے تھے۔

مولانا سمیع الحق کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد پر چھریوں سے وار کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے سربراہ جے یوآئی (س) مولا ناسمیع الحق پر حملے کے نتیجے میں ان کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے ملک جید عالم دین اور اہم سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا۔

مزید خبریں :