Time 03 نومبر ، 2018
انٹرٹینمنٹ

فلم ’زیرو‘ شاہ رخ خان کیلئے آر یا پار!

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

’زیرو‘ شاہ رخ خان کیلئے آر یا پار کیوں؟ کیا ’زیرو‘ پھر سے شاہ رخ خان کو ٹاپ ہیرو بنادے گی؟ ’زیرو‘ سے شاہ رخ خان کو خطرہ کیوں ہے؟ اس فلم کا ٹریلر کیا کہتا ہے؟زیرو پہلے کس خان ہیرو کو آفر کی گئی تھی؟ زیرو کا بجٹ کتنا ہے؟ زیرو میں انوشکا نے کترینہ کا کون سا حساب برابر کیا؟ 

زیرو میں ہے کیا ہے جسے چھپا کر رکھا گیا ہے؟ فلم میں انوشکا کا کردار کس مشہور عالمی شخصیت سے متاثر دِکھ رہا ہے؟ وہ کیا ہے جو فلم کے ٹیزر میں شاہ رخ نے سلمان کو دیا تو اب ٹریلر میں کترینہ نے شاہ رخ خان کو سود سمیت لوٹا دیا؟ زیرو کس سپر اسٹار کی ریلیز ہونے والی آخری فلم ہوگی؟ زیرو کو دیکھ کر” فین“ کی یاد کیوں آگئی؟

شاہ رخ خان کی زیرو اور عامر خان کی ٹھگز میں کترینہ کیف کے علاوہ کیا ایسی مشترکہ بات ہے جس کی وجہ سے لوگ حیران بھی ہیں کہ دونوں خان نے اپنی اپنی سب سے مہنگی فلم کیلئے ”اُن “ پر بھروسہ کرلیا؟ ان سب سوالات کے جوابات شروع کرتے ہیں فلم کے ٹریلر ریویو سے۔

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

شاہ رخ خان، انوشکا اور کترینہ کیف کی ’زیرو‘ کا ٹریلر شاندار اور بھرپور ہے اور ساتھ ساتھ مکمل انٹرٹینمنٹ اور پیسہ وصول ہے۔ اس ٹریلر کو اس سال کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ’سنجو‘ کے ٹریلر کی ٹکر کا کہا جاسکتا ہے یعنی یہ ٹریلر ’ٹھگز آف ہندوستان‘ اور ’ریس تھری‘ کے ٹریلر سے بہت آگے نظر آتا ہے۔

ٹریلر ایک بار دیکھ کر بار بار دیکھنے کی چاہ بھی بڑھتی ہے اور فلم دیکھنے کی شدت بھی۔ ٹریلر یہ بتاتا ہے کہ کہانی اُس ’زیرو‘ کی ہے جو چھوٹے شہر میرٹھ کے بعد اس سے آگے دلی پھر اس کے بعد اور آگے امریکا اور اس کے بعد بہت ہی آگے چاند تک جا کر دوسروں کے ساتھ لگ کر ان کی ویلیو بڑھادیتا ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں

شاہ رخ خان نے چھوٹے قد کے 38 سال کے منچلے اور کنوارے کا کردار ادا کیا ہے جو اپنی کمزوری کے باوجود گھبراتا، ڈرتا یا شرماتا نہیں بلکہ اُلٹا مکار، تھوڑا چالباز، ذرا کمینہ، بڑا عاشق، کچھ پاگل، آدھا شاعر، تھوڑا مینٹل ہے ساتھ ساتھ دلدار، چھچھورا، بے حیاء، مطلبی، اور اور اور۔، سب کچھ ہے لیکن مقبول بھی ہے۔

یہ ہیرو بلکہ زیرو بارش سے ڈرتا ہے نہ اڑتے تیروں سے یہ تو جوہری ہے جو ہزاروں تصویروں میں چھپا ہیرا اپنے لیے فٹ سے تلاش کرلیتا ہے۔ سیلفیوں کا شوقین ہیرو کو اپنی محبوبہ کو پہلی ملاقات میں کانٹوں سے بھرا پھول دینے میں بھی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی وہ بھی گملے کے ساتھ اور تو اور یہ اپنے باپ کو بھی جو منہ میں آئے بَک دیتا ہے چاہے پھر تھوڑی مار ہی کیوں نہ کھانی پڑے۔

— اسکرین گریب 

”بھوا“ یعنی ہیرو یعنی زیرو اسی ٹریلر میں اپنے چھوٹے قد کا راز بھی سب کے سامنے کھول دیتا ہے جس پر ٹریلر دیکھنے والوں کو ہنسی تو آتی ہے لیکن سبق بھی ملتا ہے۔ یہ واقعی ایسا مطلبی ہے جسے کسی سے رات ساڑھے تین بجے تک نفرت اوراچانک چار بجے تک محبت ہوجاتی ہے۔ یہ ہیرو زندگی کاٹنے پر نہیں زندگی جینے پر یقین رکھتا ہے، اس چھوٹے قد کے ”گنوار“ انسان کی قسمت اپنے ملک کی سب سے خوبصورت اور کامیاب حسینہ کترینہ سے کیسے جڑتی ہے؟

سپر اسٹار کترینہ اس بھوے کا بوسہ کیوں لیتی ہے پھر دھتکارتی کیوں ہے؟ پڑھی لکھی لیکن معذور سائنسدان انوشکا سے گنوار بھوے کا رشتہ برابری کا کیسے ہوجاتا ہے؟ بھوے کی دلہن انوشکا بنے گی یا کترینہ؟ یا یہ دونوں دلہن کسی اور کیلئے بنتی ہیں؟ بھوا امریکا میں کیا گُل کھلاتا ہے؟ انوشکا کو گنوار کیوں پسند ہیں؟چھوٹے سے محلے کی کہانی اچانک چاند اور راکٹ پر ختم کیوں ختم ہوتی دکھتی ہے؟

— فوٹو: اسکرین گریب 

ان سب سوالات کے جواب ڈھونڈنے کیلئے ٹریلر دیکھنے والا ابھی سے فلم دیکھنے کیلئے 21 دسمبر کا انتظار کرنے لگتا ہے، فلم کے مکالمے انتہائی چٹ پٹے اور زبردست لکھے گئے ہیں اور شاہ رخ نے انہیں ادا بھی بہت خوب کیا ہے ۔

فلم کے ٹریلر میں کترینہ کیف کا کردار انتہائی گلیمرس لگ رہا ہے ان کی انٹری بھی ٹریلر میں سب سے الگ ہے، ان کی انٹری دیکھ کر انسان یہ سوچتا ہے کہ کوئی اتنی بار پہلی بار کی طرح کیوں اچھا لگتا ہے؟ انوشکا کا کردار بھی چیلنجنگ ہے اور شاید اس فلم کی جان بھی؟ انوشکا کے کردار میں مشہور سائنسدان اسٹیون ہاکنگ کی جھلک بھی صاف نظر آتی ہے۔

فلم میں انوشکا کا کردار کترینہ سے حاوی نظر آتا ہے لگتا ہے کترینہ نے ’جب تک ہے جان‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کا حساب اب نسبتاً وقت کے حسا ب سے چھوٹا کردار کر کے برابر کردیا ہے۔

زیرو کے بارے میں دلچسپ حقائق

’زیرو‘ میں بہت سارے سپر اسٹارز کی خصوصی شرکت بھی ہے جن میں سلمان خان اور سری دیوی شامل ہیں، جی ہاں سری دیوی کی اچانک موت سے پہلے ان کا کام اس فلم کیلئے فلم بند ہوگیا تھا۔

— فوٹو: اسکرین گریب 

سلمان خان کی ایک انٹری تو فلم کے عید کے ٹیزر میں نظر بھی آچکی ہے لیکن اب فلم میں ان کا کام کیسا ہوگا یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔ یہاں یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ فلم پہلے سلمان خان کو آفر کی گئی تھی لیکن پھر سب نے مل جل کر اتفاق سے شاہ رخ خان کو زیرو بنایا۔

فلم کی موسیقی کیلئے اجے اتل پر اعتماد ظاہر کیا گیا ہے جنھوں نے عامر اور امیتابھ کی ٹھگز کا بھی میوزک ترتیب دیا ہے۔ اجے اتل نے پہلی بار عامر اورشاہ رخ خان کی میگا فلموں کیلئے مکمل طور پرموسیقی ترتیب دی ہے۔ اجے اتل اس سے پہلے ’اگنی پتھ‘ اور ’دھڑک‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کی میوزک دے چکے ہیں، جب کہ عامر خان ہی کی ’پی کے‘ میں بھی انھوں نے مہمان موسیقار جوڑی کے طور پر کام کیا تھا۔

زیرو کا بجٹ 200 کروڑ سے زیادہ ہے کیونکہ فلم کی پوسٹ پروڈکشن اور اسپیشل ایفکٹس پر بہت سارا کام کیا گیا ہے۔ ان میں سے 100 کروڑ ’زیرو‘ پہلے ہی صرف سیٹلائٹ رائٹس کی مد میں اپنے بنانے والوں کوکما کر دے چکی ہے۔

’زیرو‘ شاہ رخ خان کیلئے خطرہ کیوں؟؟

کبھی کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم کی کہانی اچھی ہو یا ڈائریکشن یا پھر گانے یا پھر اداکاری یا پھر پوری فلم زبردست ہو ان کی فلموں کا بزنس اب باقی ہیروز کی فلموں سے کافی پیچھے ہوتا ہے۔

شاہ رخ خان نے اپنے فلمی کیریئر میں جب بھی فلموں کیلئے اپنے روپ کو بدلا اور وہ” ڈی گلیمرائز“ ہوئے تو ان کو کامیابی نہیں ملی۔

— فوٹو: اسکرین گریب 

شاہ رخ خان کی ’ہے رام‘، ’پہیلی‘، ’شکتی دی پاور‘، ’اشوکا‘، ’ڈپلیکیٹ‘، ’کوئلہ‘، ’رام جانے‘، ’چاہت‘ اور سب سے بڑھ کر ’فین‘ یہ تمام وہ فلمیں ہیں جو شاہ رخ کی بہترین اداکاری کے باوجود دیکھنے والوں کو پسند نہیں آئیں یا ان فلموں نے باکس آفس پر طوفان نہیں مچایا۔

اوپر سے اس وقت صورتحال یہ ہے کہ شاہ رخ خان کی پچھلے چار سالوں میں کوئی بھی فلم کروڑوں کی ڈبل سینچری مکمل نہیں کرسکی اور ان چار سالوں میں شاہ رخ خان کی ’دل والے‘ اور ’رئیس‘ نے سو کروڑ سے اوپر کمائی کی تو دوسری طرف ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اور ’فین‘ تو سو کروڑ کا ٹارگٹ پورا کرنے میں ناکام رہیں۔

ایک ایسے وقت میں جب عامر خان اور سلمان خان 300 کروڑ کا چھکا باکس آفس پر بار بار لگا چکے ہیں، شاہ رخ خان کی ایک بھی فلم تین سو کروڑ کمانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ صرف ان کے اپنے ملک کی بات کی جائے تو شاہ رخ خان کی سب سے کامیاب فلم ”چنئی ایکسپریس “ ہے اس فلم نے 2013 میں دو سو کروڑ کمائے تھے لیکن یہ فلم اپنے ملک کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر آتی ہے، یعنی اس فہرست کے مطابق ٹاپ 13 میں شاہ رخ کی ایک فلم ہے وہ بھی سب سے آخر میں دوسری طرف اس فہرست میں شاہ رخ سے اوپر عامر خان کی تین اور سلمان خان کی چار فلمیں شامل ہیں۔

فلم کی اسٹار کاسٹ ہدایت کار کے ساتھ تقریب میں شریک — فوٹو:  بشکریہ دکن کرونیکل 

دنیا بھر کی بات ہو تو عامر خان کی ’دنگل‘ دو ہزار کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کرچکی ہے، سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ 900 کروڑ کا چھکا لگاچکی ہیں۔ دنیا بھر میں پانچ سو کروڑ سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں عامر خان کی 4، سلمان خان کی 3 فلمیں شامل ہیں لیکن شاہ رخ خان کی سب سے کامیاب فلم ’چنئی ایکسپریس‘ نے 390 کروڑ کا بزنس کیا وہ بھی پانچ سال پہلے۔

شاہ رخ خان کا یش چوپڑا، عزیز مرزا، آدی چوپڑا، کرن جوہر، فرح خان اور فرحان اختر کے ساتھ کمرشل فلموں کا ساتھ سپر ہٹ رہا لیکن وہ آف بیٹ کمرشل ڈائریکٹرز کے ساتھ باکس آفس پر ناکام رہے جن میں مہیش بھٹ، کیتن مہتا، آسوتوش گواریکر، امول پالیکر، مہیش شرما اور یہاں تک کہ امتیاز علی کے ساتھ بھی شاہ رخ خان کا پروجیکٹ ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کا تجربہ بھی ناکام رہا ہے۔

اب ’تنو ویڈز منو‘ سیریز اور ’رانجھنا‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں بنانے والے آنند ایل رائے کے ساتھ شاہ رخ ’زیرو‘ بن کر ہیرو بنیں گے یا ’زیرو‘ بن کر ہیرو اس کیلئے ہم سب کو انتظار ہے 21 دسمبر کا۔

نوٹ: 

1۔۔ ہر فلم بنانے والا، اُس فلم میں کام کرنے والا اور اُس فلم کیلئے کام کرنے والا، فلم پر باتیں بنانے والے یا لکھنے والے سے بہت بہتر ہے۔

2۔۔ ہر فلم سنیما میں جا کر دیکھیں کیونکہ فلم سینما کی بڑی اسکرین اور آپ کیلئے بنتی ہے ۔فلم کا ساؤنڈ، فریمنگ، میوزک سمیت ہر پرفارمنس کا مزا سینما پر ہی آتا ہے۔ آ پ کے ٹی وی، ایل ای ڈی، موبائل یا لیپ ٹاپ پر فلم کا مزا آدھا بھی نہیں رہتا۔

3۔۔ فلم یا ٹریلر کا ریویو اورایوارڈز کی نامزدگیوں پر تبصرہ صرف ایک فرد واحد کا تجزیہ یا رائے ہوتی ہے ،جو کسی بھی زاویے سے غلط یا صحیح اور آپ یا اکثریت کی رائے سے مختلف بھی ہوسکتی ہے۔

4۔۔ غلطیاں ہم سے ،آپ سے ،فلم بنانے والے سمیت سب سے ہوسکتی ہیں اور ہوتی ہیں۔آپ بھی کوئی غلطی دیکھیں تو نشاندہی ضرور کریں ۔۔۔

5۔۔ فلم کے ہونے والے باکس آفس نمبرز یا بزنس کے بارے میں اندازہ لگایا جاتا ہے جو کچھ مارجن کے ساتھ کبھی صحیح تو کبھی غلط ہوسکتا ہے۔

6۔۔ فلم کی کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں۔بڑی سے بڑی فلم ناکام اور چھوٹی سے چھوٹی فلم کامیاب ہوسکتی ہے۔ایک جیسی کہانیوں پر کئی فلمیں ہِٹ اور منفرد کہانیوں پر بننے والی فلم فلاپ بھی ہوسکتی ہیں۔کوئی بھی فلم کسی کیلئے کلاسک کسی دوسرے کیلئے بیکار ہوسکتی ہے۔۔۔

7۔۔ فلم فلم ہوتی ہے،جمپ ہے تو کٹ بھی ہوگاورنہ ڈھائی گھنٹے میں ڈھائی ہزار سال،ڈھائی سو سال،ڈھائی سال،ڈھائی مہینے،ڈھائی ہفتے،ڈھائی دن تو دور کی بات دوگھنٹے اور اکتیس منٹ بھی سما نہیں سکتے۔


مزید خبریں :